عالیہ بھٹ کے انکار نے شردھا کپور کو ہیروئن بنادیا

30 نومبر 2017
اب پربھاس کے ساتھ شردھا کپور اسکرین پر نظر آئیں گی—فائل فوٹو: اے وی ایس ٹی
اب پربھاس کے ساتھ شردھا کپور اسکرین پر نظر آئیں گی—فائل فوٹو: اے وی ایس ٹی

رواں برس ریلیز ہونے والی بھارتی فلم ’باہو بلی2‘ کے ہیرو پربھاس کی آنے والی فلم ’ساہو‘ پہلے ہی دن سے خبروں میں ہے۔

کیوں کہ پربھاس کی اس فلم کے لیے یکے بعد دیگر ہیروئنز کو فلم میں پہلے کاسٹ اور بعد ازاں فلم سے خارج کرنے کی خبریں آتی رہی ہیں۔

’ساہو‘ کے لیے ’باہو بلی 2‘ کی ہیروئن انوشکا شیٹھی کو بھی کاسٹ کرنے کی خبریں آئیں، تاہم بعد ازاں انہیں اضافی وزن کے باعث فلم سے خارج کرنے کی خبر بھی آئی۔

یہ خبریں بھی تھیں کہ ’ساہو‘ کے لیے کترینہ کیف کو کاسٹ کیا جا رہا ہے، تاہم بعد ازاں اداکارہ نے اس کی تردید کی۔

’ساہو‘ کے لیے دپیکا پڈوکون سمیت دیگر ہیروئنز کو بھی کاسٹ کرنے پر غور کیا جاتا رہا، تاہم بعد ازاں باہو بلی کی ہیروئن بننے کا اعزاز شردھا کپور کو حاصل ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: شردھا کپور باہو بلی ہیرو کی ہیروئن بنیں گی

اب اگرچہ ’ساہو‘ کے لیے شردھا کپور منتخب ہوچکی ہیں، اور انہوں نے فلم کی شوٹنگ ٹیم کو بھی جوائن کرلیا ہے، تاہم اب یہ خبر سامنے آئی ہے کہ شردھا کپور تو عالیہ بھٹ کے انکار کے بعد ہیروئن بنیں۔

انڈیا ٹوڈے نے اپنی خبر میں فلم کی ٹیم کے ذرائع سے بتایا کہ ’ساہو‘ کی ٹیم عالیہ بھٹ کو فلم میں ہیروئن کے طور پر کاسٹ کرنا چاہتی تھی، تاہم اداکارہ نے فلم میں کام کرنے سے انکار کردیا۔

فلم کی ٹیم نے خوبرو اداکارہ عالیہ بھٹ سے ’ساہو‘ میں کام کرنے کے لیے رابطہ کیا تو اداکارہ نے اپنے مختصر کردار کی وجہ سے فلم میں کام کرنے سے انکار کردیا۔

ذرائع کے مطابق ’ساہو‘ میں ہیرو کے مقابلے ہیروئن کا بہت ہی مختصر کردار ہے، جس وجہ سے عالیہ بھٹ نے فلم میں کام کرنے سے معزرت کی۔

عالیہ بھٹ کے انکار کے بعد ہی فلم کی ٹیم نے شردھا کپور کو کاسٹ کیا۔

مزید پڑھیں: ’کترینہ کیف باہو بلی ہیرو کے ساتھ رومانس نہیں کرنے والی‘

خیال رہے کہ ’ساہو‘ کی شوٹنگ حیدرآباد دکھن سمیت دیگر شہروں میں جاری ہے، اور فلم کے ہیرو پربھاس نے متعدد سین شوٹ کروالیے ہیں، فلم کو آئندہ برس تیلگو، ہندی اور ملایم زبانوں میں ریلیز کیا جائے گا۔

پربھاس کی رواں برس اپریل میں آنے والی فلم باہو بلی 2 نے ریکارڈ بزنس کرتے ہوئے دنیا بھر سے ایک ہزار کروڑ بھارتی روپے سے زائد پیسے بٹورے تھے۔

عالیہ بھٹ نے ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر، ہائی وے، 2 اسٹیٹس، ہمپتھی شرما کی دلہنیا، اڑتا پنجاب، اے دل ہی مشکل اور ڈیئر زندگی جیسی فلموں میں مرکزی اور اہم کردار ادا کرکے بہت ہی کم عرصے میں فلم انڈسٹری میں اپنا مقام بنایا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں