دوسرے ایشز ٹیسٹ میں بھی آسٹریلیا کی پوزیشن مستحکم

03 دسمبر 2017
شان مارش نے 15 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناقابل شکست 126 رنز کی اننگز کھیلی— فوٹو: اے پی
شان مارش نے 15 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناقابل شکست 126 رنز کی اننگز کھیلی— فوٹو: اے پی

ایڈیلیڈ: آسٹریلیا نے شان مارش کی شاندار سنچری کی بدولت دوسرے ایشز ٹیسٹ میں اپنی پہلی اننگز 442 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کر دی جس کے جواب میں انگلش ٹیم 29 رنز پر ایک کھلاڑی سے محروم ہو چکی ہے۔

ایڈیلیڈ میں کھیلے جارہے ایشز سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز آسٹریلیا نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 209 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو پیٹر ہینڈزکومب 36 اور شان مارش 20 پر کھیل رہے تھے۔

انگلینڈ کو دن کے آغاز میں ہی اس وقت اہم کامیابی ملی جب ہینڈزکومب گزشتہ روز کے اسکور میں کوئی اضافہ کئے بغیر سٹورٹ براڈ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

209 رنز پر پانچ وکٹیں گرنے کے بعد مارش کا ساتھ نبھانے ٹم پین آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے چھٹی وکٹ کیلئے 85 رنز جوڑ کر ٹیم کے بڑے مجموعے کی راہ ہموار کی۔

اس شراکت کا خاتمہ اوورٹن نے ٹم پین کو آؤٹ کر کے کیا جنہوں نے 57 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ مچل اسٹارک صرف چھ رنز بنا کر جیمز اینڈرسن کی وکٹ بنے۔

اس موقع پر ایسا محسوس ہوتا تھا کہ انگلش باؤلرز جلد میزبان ٹیم کی بساط لپیٹ دیں گے لیکن شان مارش اور پیٹ کمنز نے 99 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا سکور 410 رنز تک پہنچانے کے ساتھ ساتھ انگلش ٹیم کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، کمنز 44 رنز بنانے کے بعد اورٹن کا نشانہ بنے۔

442 کے مجموعی اسکور پر آسٹریلیا نے اننگز ڈیکلیئر کر دی، شان مارش نے 126 رنز کی دلکش اننگز کھیلی اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ انگلینڈ کی جانب سے اورٹن نے تین اور اسٹورٹ براڈ نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

انگلینڈ کی اننگز کا آغاز بھی کچھ اچھا نہ تھا اور 29 کے اسکور پر مارک اسٹون مین 18 رنز بنانے کے بعد مچل اسٹارک کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار پائے۔

بارش کے باعث دوسرے دن کا کھیل مقررہ وقت سے پہلے ختم کر دیا گیا اور جب دوسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو انگلینڈ نے ایک وکت کے نقصان پر 29 رنز بنائے تھے اور اسے پہلی اننگز میں خسارہ ختم کرنے کیلئے 413 رنز درکار ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں