لاہور: سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے نہال ہاشمی کی پارٹی رکنیت دوبارہ بحال کرنے کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) کے کارکنان کی جانب سے سامنے آنے والے مطالبے کی حمایت کردی۔

مریم نواز نے سینئر سیاست دان جاوید ہاشمی سے ملاقات کی جس کے بعد ان کی پارٹی کے متعدد کارکنان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر نہال ہاشمی کی پارٹی رکنیت بحال کرنے کا مطالبہ کیا جس کی انہوں نے توثیق بھی کی۔

ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا ’ جی ہاں! ان کی (نہال ہاشمی) پارٹی رکنیت بحال ہونی چاہیے‘۔

اس بیان کے بعد ایک نئی بحث چھڑ گئی کہ جب نہال ہاشمی کو عدالتی کارروائی کا سامنا تھا تو کیا اس وقت انہیں مسلم لیگ (ن) کی حمایت حاصل تھی۔

مزید پڑھیں: جاوید ہاشمی اور مسلم لیگ جمہوریت کی مضبوطی کیلئے ساتھ ہیں،خواجہ سعد رفیق

مسلم لیگ (ن) کے کارکنان نے سوشل میڈیا پر سوال اٹھایا کہ اگر جاوید ہاشمی کو نواز شریف سے ’معافی‘ مل سکتی ہے تو پھر نہال ہاشمی کو کیوں نہیں؟

سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر مسلم لیگ (ن) کے کارکنان اور حامیوں نے نہال ہاشمی کو ایک بہادر آدمی قرار دیتے ہوئے انہیں کراچی میں سابق وزیراعظم نواز شریف کا ’شیر‘ قرار دیا۔

سوشل میڈیا ویب سائٹ پر حکمران جماعت کے ایک کارکن کا کہنا تھا کہ نہال ہاشمی کو گھر (مسلم لیگ) میں لے آنا چاہیے جبکہ ایک اور کارکن کا کہنا تھا کہ نہال ہاشمی، جاوید ہاشمی سے زیادہ بہادر ہیں۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ مریم نواز کا نہال ہاشمی کی پارٹی رکنیت کی بحالی کی حمایت کرنے سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ نہال ہاشمی کی تقریر ایک منصوبے کا حصہ تھی اور انہیں ان کی جماعت کی جانب سے رہنمائی حاصل تھی۔

یہ بھی پڑھیں: دھمکی آمیز تقریر کے بعد نہال ہاشمی سینیٹ کی رکنیت سے مستعفی

تحریک انصاف کی رہنما بیگم مہناز رفیع نے ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے صرف نہال ہاشمی کی پارٹی رکنیت معطل کی تھی لیکن انہیں جج کے خلاف ریمارکس دینے پر سینیٹ سے مستعفی ہونے پر زور نہیں دیا گیا تھا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جو نہال ہاشمی نے کل ججز کے خلاف کہا وہ آج نواز شریف کہہ رہے ہیں تاہم غیر رسمی طور پر نہال ہاشمی پی ایم ایل این کا ہی حصہ ہیں۔

نہال ہاشمی کی دھمکی آمیز تقریر

یاد رہے کہ رواں برس 31 مئی کو سینیٹر نہال ہاشمی کی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی، جس میں اپنی جذباتی تقریر کے دوران وہ دھمکی دیتے نظر آئے تھے کہ 'پاکستان کے منتخب وزیراعظم سے حساب مانگنے والوں کے لیے زمین تنگ کردی جائے گی'۔

ایک تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے نہال ہاشمی نے جوش خطابت میں کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ حساب لینے والے کل ریٹائر ہوجائیں گے اور ہم ان کا یوم حساب بنادیں گے۔

ویڈیو میں نہال ہاشمی کو کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے،'اور سن لو جو حساب ہم سے لے رہے ہو، وہ تو نواز شریف کا بیٹا ہے، ہم نواز شریف کے کارکن ہیں، حساب لینے والوں! ہم تمھارا یوم حساب بنا دیں گے'۔

ان کا مزید کہنا تھا، 'جنھوں نے بھی حساب لیا ہے اور جو لے رہے ہیں، کان کھول کے سن لو! ہم نے چھوڑنا نہیں تم کو، آج حاضر سروس ہو، کل ریٹائر ہو جاؤ گے، ہم تمھارے بچوں کے لیے، تمھارے خاندان کے لیے پاکستان کی زمین تنگ کردیں گے'۔

تبصرے (0) بند ہیں