آسکرایوارڈز: وژوئل افیکٹس کیلئے 20 فلمیں شارٹ لسٹ

اپ ڈیٹ 09 دسمبر 2017
گارڈینز آف دی گلیکسی والیوم 2 کو بھی شارٹ لسٹ کیا گیا ہے—پرومو فوٹو
گارڈینز آف دی گلیکسی والیوم 2 کو بھی شارٹ لسٹ کیا گیا ہے—پرومو فوٹو

فلمی دنیا کے معروف اکیڈمی ایوارڈز یعنی آسکر ایوارڈز کی تقریب تو آئندہ برس ہوگی، تاہم اس کے لیے جہاں مختلف ممالک کی جانب سے اپنی اپنی فلمیں بھجوائی گئی ہیں۔

وہیں اب اکیڈمی ایوارڈز کی مختلف کمیٹیوں نے فلموں کو شارٹ لسٹڈ کرنا شروع کردیا ہے۔

خیال رہے کہ آسکر ایوارڈز ’دی اکیڈمی آف موشن پکچرز آرٹس اینڈ سائنسز‘ (اے ایم پی اے ایس) کی جانب سے ہر سال دیے جاتے ہیں۔

اس بار آسکر ایوارڈز کا 90 واں میلہ مارچ 2018 میں سجے گا، جس کے لیے فلموں کو شارٹ لسٹڈ کرنے کا آغاز کردیا گیا۔

سب سے پہلے اکیڈمی ایوارڈز کی وژوئل افیکٹس کمیٹی نے آسکر کے لیے 20 فلموں کو شارٹ لسٹڈ کردیا، جس میں ایک بھی بھارتی، پاکستانی یا ایرانی فلم شامل نہیں، البتہ اس میں ایک جنوبی کورین فلم کو شامل کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آسکر کے لیے پاکستانی فلم ساون منتخب

حیران کن بات یہ ہے کہ شارٹ لسٹ کی گئی 20 فلموں میں ان فلموں کو بھی شامل کیا گیا ہے جو 5 دسمبر تک ریلیز بھی نہیں ہوئی تھیں، تاہم یہ فلمیں دسمبر کے اختتام سے قبل سینما گھروں کی زینت بنیں گی۔

’بیسٹ وژوئل افیکٹس‘ کے لیے شارٹ لسٹڈ کی گئی 20 میں سے 10 فلمیں ایسی ہیں جو رواں ماہ ریلیز ہوں گی۔

ورائٹی کے مطابق آسکر کی وژوئل افیکٹس سے متعلق کمیٹی کی جانب سے شارٹ لسٹڈ کی گئی فلموں میں ’اسٹار وارز: دی لاسٹ جیڈی، جمانجی: ویلکم ٹو جنگل، دی شیپ آف واٹر اور گھوسٹ ان دی شیل‘ سمیت 10 فلموں کو ریلیز سے قبل ہی شارٹ لسٹڈ کیا گیا۔

وژوئل افیکٹس کے لیے شارٹ لسٹڈ کی گئی دیگر فلموں میں ’الائن کنورٹ، بیوٹی اینڈ دی بیسٹ، بلیڈ رنر 2049، ڈنکرنک، گارڈینز آف دی گلیکسی والیوم 2، جسٹس لیگ، کونگ: سکل آئی لینڈ، لائیف، لوگان، اوجکا، پائریٹس آف دی کیریبین: ڈیڈ مین ٹیل نو ٹالز، اسپائیڈر مین: ہوم کمنگ، تھور ریگنوروک، ویلارین اینڈ دی سٹی آف تھاؤزنڈ پلانیٹ، وار فار دی پلانیٹ آف دی ایپس اور ونڈر ویمن‘ شامل ہیں۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ ان 20 فلموں میں سے کون سی فلم ’بیسٹ وژوئل افیکٹس‘ کا ایوارڈ حاصل کرتی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں