روہت کی ڈبل سنچری، سری لنکا کو 141 رنز سے شکست

13 دسمبر 2017
بھارتی کپتان روہت شرما کا ڈبل سنچری کی تکمیل پر فاتحانہ انداز— فوٹو: اے ایف پی
بھارتی کپتان روہت شرما کا ڈبل سنچری کی تکمیل پر فاتحانہ انداز— فوٹو: اے ایف پی

چندی گڑھ: روہت شرما کی ریکارڈ ساز ڈبل سنچری کی بدولت بھارت نے سری لنکا کو دوسرے ون ڈے میچ میں با آسانی 141 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔

بدھ کو چندی گڑھ میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں سری لنکن کپتان تھسارا پریرا نے ٹاس جیت کر پہلے میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی اور ان کا یہ فیصلہ مہنگا ثابت ہوا۔

روہت شرما اور شیکھر دھاون نے ٹیم کو 115 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا، دھاون 68 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو اس کے بعد شریاس آئیر نے کپتان کا عمدگی سے ساتھ دیا اور دونوں بلے بازوں نے دوسری وکٹ کیلئے 213 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کا اسکور 328 تک پہنچا دیا۔

اس موقع پر آئیر 88 رنز بنانے کے بعد پریرا کی گیند کا نشانہ بنے جبکہ دھونی 7 اور پانڈیا 8 رنز بنا کر چلتے بنے۔

دوسرے اینڈ پر موجود روہت شرما سیسہ پلائی دیوار کی طرح آئی لینڈرز کے باؤلرز کے سامنے ڈٹے رہے اور شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 153 گیندوں پر 12 چھکوں اور 13 چوکوں کی مدد سے 208 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

بھارت نے مقررہ اوورز میں چار وکٹیں کے نقصان پر 392 رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ کی زینت بنایا۔

سری لنکا کی جانب سے کپتان تھسارا پریرا نے 3 وکٹیں لیں۔

جواب میں سری لنکن ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 251 رنز ہی بنا سکی۔

اینجلو میتھیوز نے ڈٹ کر حریف باؤلرز کا مقابلہ کیا اور سنچری اسکور کی تاہم ان کی 111 رنز کی اننگز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی۔

دیگر بلے بازوں میں اسیلا گونارتنے 34، نروشن ڈکویلا 22، لہیرو تھریمانے 21، دھنشکا گناتھیلاکا 16، اکیلا دھننجیا 11، تھارنگا سات، کپتان پریرا پانچ اور پتھیرانا دو رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

بھارت کی جانب سے یزویندر چاہل نے تین جبکہ جسپریت جمراہ نے دو وکٹیں لیں۔

ڈبل سنچری بنانے والے روہت شرما میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

تبصرے (0) بند ہیں