ایشز سیریز:تیسرے میچ میں آسٹریلیا کی پوزیشن مستحکم

اپ ڈیٹ 18 دسمبر 2017
اسمتھ نے انگلینڈ کے خلاف بہترین اننگز کھیلی—فوٹو:اے ایف پی
اسمتھ نے انگلینڈ کے خلاف بہترین اننگز کھیلی—فوٹو:اے ایف پی

آسٹریلیا نے انگلینڈ کے خلاف ایشز سیریز کے دوسرے میچ میں کپتان اسٹیون اسمتھ اور مچل مارش کی بہترین اننگز کی بدولت تیسرے روز کے اختتام پر چار وکٹوں پر 549 رنز بنا کر میچ میں اپنی گرفت مزید مضبوط کرلی ہے۔

پرتھ کے واکا اسٹیڈیم میں جاری میچ کے تیسرے روز جب آسٹریلیا نے کھیل کا آغاز کیا تو ان کا اسکور 3 وکٹوں پر 203 رنز تھا اور انگلینڈ کے پہلی اننگز کے اسکور 403 رنز کو برابر رکنے کے لیے مزید 200 رنز درکار تھے۔

کھیل کے آغاز میں کپتان اسمتھ 92 اور شان مارش 7 رنز بنا کر وکٹ پر موجود تھے تاہم شان مارش 28 رنز بنا کر 248 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے۔

اسمتھ نے مچل مارش کے ساتھ مل کر شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے کیریئر کی بہترین اننگز کھیلیں اور آسٹریلیا کو میچ میں نہ صرف برتری دلائی بلکہ میچ میں اپنی پوزیشن بھی مستحکم کرلی۔

مزید پڑھیں:پرتھ میں اسمتھ انگلش باؤلرز کے خلاف ڈٹ گئے

دونوں بلے بازوں کے درمیان 301 رنز کی شاندار شراکت قائم ہوئی اور دن کے اختتام تک مزید کوئی وکٹ گرنے نہیں دی۔

اسمتھ نے اس دوران اپنے کیریئر کی بہترین 229 رنز بنائے جبکہ مچل مارش نے آؤٹ ہوئے بغیر 181 رنز بنائے ہیں۔

گزشتہ روز جب آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں بیٹنگ کا آغاز کیا تو ان کے تین بلے باز 179 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے تھے جن میں عثمان خواجہ 50 رنز بنا کر نمایاں تھے۔

تیسرے روز آؤٹ ہونے والے واحد بلے باز شان مارش تھے جو 28 رنز بنا کر معین علی کی گیند پر جوروٹ کا کیچ بنے تھے جس کے بعد انگلینڈ کے باؤلرز کوئی وکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔

آسٹریلیا نے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 549 رنز بنائے تھے اور 146 رنز کی برتری حاصل تھی۔

اسمتھ 229 اور مارش 181 رنز بنا کر وکٹ پر موجود تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں