انگلینڈ کو بدترین شکست، آسٹریلیا نے ایشز پر دوبارہ قبضہ جما لیا

18 دسمبر 2017
ایشز سیریز جیتنے کے بعد آسٹریلین ٹیم اپنی فتح کا جشن منا رہی ہے— فوٹو: اے ایف پی
ایشز سیریز جیتنے کے بعد آسٹریلین ٹیم اپنی فتح کا جشن منا رہی ہے— فوٹو: اے ایف پی

پرتھ: آسٹریلیا نے تیسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کو اننگز اور 41 رنز سے شکست دے کر ایشز سیریز میں 3-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرتے ہوئے انگلینڈ کے قبضے سے دوبارہ ایشز حاصل کر لی۔

پرتھ میں جاری سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ کے پانچویں اور آخری روز انگلینڈ نے اپنی دوسری نامکمل اننگز 132 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کو تو ڈیوڈ ملان 28 اور جونی بیئراسٹو 14 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔

بارش اور خراب آؤٹ فیلڈ کے سبب پہلے سیشن کا کھیل ممکن نہ ہو سکا جس سے یہ امید پیدا ہوئی کہ شاید مہمان ٹیم یہ ٹیسٹ ڈرا کرنے میں کامیاب ہو جائے لیکن ایسا ممکن نہ ہو سکا۔

انگلینڈ کو کھیل شروع ہوتے ہی اس وقت نقصان اٹھانا پڑا جب بیئراسٹو گزشتہ روز کے اسکور کوئی اضافہ کیے بغیر جوش ہیزل وُڈ کی گیند پر کلین باؤلڈ ہوگئے۔

معین علی کی ناقص فارم کا سلسلہ جاری رہا اور وہ بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 11 رنز بناکر نیتھن لایون کا شکار بن گئے۔

196 کے مجموعی سکور پر انگلینڈ کو ساتواں نقصان اٹھانا پڑا جب امید کی آخری کرن بھی دم توڑ گئی اور ڈیوڈ ملان 54 رنز بناکر ہیزل وُڈ کی گیند پر ٹم پین کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

انگلینڈ کی پوری ٹیم 218 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور اسے اننگز اور 41رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

جوش ہیزلووڈ نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ نیتھن لایون اور پیٹ کمنز نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی آسٹریلیا نے ایشز سیریز 3-0 سے جیت کر دوبارہ ایشز پر قبضہ جما لیا۔

آسٹریلوی کپتان سٹیون سمتھ کو 239 رنز شاندار اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں