وزیر اعلیٰ سندھ کی پی ایس ایل فائنل تاریخی بنانے کی یقین دہانی

22 دسمبر 2017
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کے درمیان ملاقات کا ایک منظر—
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کے درمیان ملاقات کا ایک منظر—

کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کا عزم ظاہر کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) سے کراچی میں ہونے والے پاکستان سپر لیگ کے فائنل کو تاریخی بنانے کا وعدہ کیا ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے جمعے کو چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی سے ملاقات کی جس میں خصوصی طور پر پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے فائنل کے کراچی میں انعقاد پر گفتگو کی گئی اور اس دوران مراد علی شاہ نے آئی جی پولیس اے ڈی خواجہ کو شہر قائد آنے والے کرکٹرز کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے بکتر بند بسوں کے انتظام کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ کراچی میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ہو، کراچی کے عوام پی ایس ایل فائنل کے حوالے سے بہت پرجوش ہیں اور میری کوشش ہو گی کہ اس ایونٹ کو ہر لحاظ سے ایک تاریخی موقع بنا دیا جائے۔

اس کے ساتھ ساتھ وزیر اعلیٰ سندھ نے آئی جی پولیس اور ڈپٹی ڈی جی رینجرز کو فائنل کیلئے 30 دن کے اندر سیکیورٹی مشقوں کی فل ڈریس ریہرسل کرنے کی ہدایت کی اور ان کا ماننا ہے کہ اس سے عالمی برادری کا پاکستان میں سیکیورٹی انتظامات پر اعتماد بحال ہو گا۔

ملاقات کے دوران سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس سیکیورٹی کو نیشنل اسٹیڈیم کے داخلی اور خارجی راستوں پر رکاوٹوں پر خصوصی توجہ دینے کی بھی ہدایت کی گئی۔

واضح رہے کہ 25 مارچ کو شیڈول فائنل کے سلسلے میں اس وقت نیشنل اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش کا کام جاری ہے۔

اس ملاقات کے دوران ہوم سیکریٹری، پرنسپل سیکریٹری، ایڈیشنل آئی سجی کراچی اور کمشنر کراچی بھی موجود تھے۔

پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کا آغاز آئندہ سال 22 فروری سے ہو گا جہاں ایونٹ کا افتتاحی میچ دفاعی چیمپیئن پشاور زلمی اور نو وارد ملتان سلطان کے درمیان کھیلا جائے گا۔

ٹورنامنٹ کے زیادہ تر میچز دبئی اور شارجہ میں منعقد ہوں گے البتہ سیمی فائنل حیثیت کے حامل ایونٹ کے دو ایلیمنیٹر لاہور میں کھیلے جائیں گے جس کے بعد کراچی 25 مارچ کو فائنل کی میزبانی کرے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں