پاکستان اسٹاک ایکسچینج(پی ایس ایکس) میں سال 2017 کے آخری کاروباری ہفتے کا اختتام مثبت رجحان سے ہوا جہاں کے ایس ای-100 انڈیکس 100 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 40 ہزار 472 پر بند ہوا۔

اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری دن کا آغاز تیزی سے ہوا اور پہلے سیشن میں کاروبار بلند تر سطح 40 ہزار 645 پوائنٹس تک پہنچ گیا تاہم اتار چڑھاؤ کے دوران مارکیٹ نے 40 ہزار 271 پوائنٹس کی کم تر سطح کو بھی چھو لیا۔

مارکیٹ میں مجموعی طور 24 کروڑ کے 9 ارب 4 کروڑ حجم کے حصص کا لین دین ہوا۔

کاروباری ہفتے کے آخری روز 347 کمپنیوں کے کاروبار میں 171 کے لین دین میں تیزی، 162 کے کاروبار میں تنزلی اور 14 کمپنیوں کے لین دین میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ٹیکنالوجی اور مواصلات کا شعبہ لین دین میں نمایاں رہا جس کے 4 کروڑ 64 لاکھ حصص کا کاروبار ہوا۔

سیمنٹ اور کمرشل بینکنگ کے شعبے میں بھی کاروباری ہفتے کے آخری روز تیزی ریکارڈ کی گئی جس کے بالترتیب 3 کروڑ 60 لاکھ اور 3 کروڑ 11 لاکھ کے حصص کی خرید و فروخت ہوئی۔

پی ایس ایکس میں انفرادی طور پر پی ٹی سی ایل 2 کروڑ 54 لاکھ حصص کے لین دین کے ساتھ سرفہرست کمپنی رہی۔

دیوان سیمنٹ ایک کروڑ 25 لاکھ، کے الیکٹرک ایک کروڑ 15 لاکھ، دیوان سلمان ایک کروڑ 14 لاکھ اور ورلڈ کال ٹیلی کام 98 لاکھ حصص کے کاروبار کے ساتھ نمایاں رہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں