ایشزسیریز کا چوتھا میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم

30 دسمبر 2017
آسٹریلیا سیریز کوپہلے ہی3-0 سے جیت چکا ہے—فوٹو:اے ایف پی
آسٹریلیا سیریز کوپہلے ہی3-0 سے جیت چکا ہے—فوٹو:اے ایف پی

آسٹریلیا نے کپتان اسٹیون اسمتھ کی شاندار سنچری کی بدولت انگلینڈ کے خلاف ایشز کے تیسرے ٹیسٹ کو برابر کرکے مہمان ٹیم کے سیریز میں پہلی جیت کے خواب کو چکنا چور کردیا۔

میلبرن میں کھیلے گئے چوتھے میچ کے آخری روزجب کھیل شروع ہوا تو آسٹریلیا نے 2 وکٹوں پر 103 رنز بنائے اور کپتان اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر وکٹ پر موجود تھے۔

وارنر آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز تھے جو اسکور کو 172 تک پہنچانے میں کامیاب ہوئے اس دوران انھوں نے پراعتماد انداز میں کھیلتے ہوئے 86 رنز بنا لیے تھے۔

ایشز سیریز کے چوتھے میچ کے پانچویں روز شان مارش 178 کے اسکور پر پویلین لوٹ گئے جو صرف 4 رنز بنا سکے تھے۔

اسمتھ نے اپنی ذمہ داری بخوبی نبھاتے ہوئے انگلینڈ کی جانب سے سیریز میں پہلی کامیابی کے خواب کو پورا ہونے نہیں دیا اور اپنے کیریئر کی دوسری سست سنچری مکمل کرتے ہوئے کھیل کے اختتام تک کھڑے رہے اور مچل مارش نے 29 رنز بنا کر ان کا بھرپور ساتھ دیا۔

آسٹریلیا اور انگلینڈ کے دونوں کپتانوں کی جانب سے جب میچ کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا تو آسٹریلیا نے 4 وکٹ پر 263 رنز بنائے تھے جبکہ اسمتھ 102 اور مارش 29 رنز بنا کر کھیل رہے تھے۔

یاد رہے کہ انگلینڈ نے پہلی اننگز میں الیسٹرکک کی ریکارڈ 244 رنز کی اننگز کی بدولت 491 رنز بنائے تھے جبکہ آسٹریلوی ٹیم پہلی اننگز میں 327 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی۔

مزید پڑھیں:چوتھا ایشز ٹیسٹ: بارش نے انگلینڈ کے ارمانوں پر پانی پھیر دیا

باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے چوتھے روز بارش کی مداخلت کے بعد انگلینڈ کی جیت کے امکانات معدوم ہوتے نظر آنے لگے تھے۔

انگلینڈ کے الیسٹرکک کو تاریخی اننگز پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا کی ٹیم سیریز کو پہلے ہی 3-0 سے اپنے نام کرچکی ہے۔

ایشز سیریز کا آخری میچ 4 جنوری کو سڈنی میں شروع ہوگا جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان ایک روزہ سیریز کھیلی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں