کیا آپ کے خیال میں لیجنڈ ریسلر انڈر ٹیکر ریٹائر ہوچکے ہیں؟ تو آپ کے اچھی خبر یہ ہے کہ وہ آئندہ ہفتے ایک بار پھر ڈبلیو ڈبلیو ای رنگ میں نظر آنے والے ہیں۔

گزشتہ سال اپریل میں ریسل مینیا 33 میں رومن رینز کے ساتھ مقابلے کے بعد سے انڈر ٹیکر ڈبلیو ڈبلیو ای میں نظر نہیں آئے۔

مزید پڑھیں : انڈر ٹیکر اب بھی کروڑوں روپے کمانے میں مصروف

ایسا مانا جارہا ہے کہ رومن رینز کے ہاتھوں شکست کے بعد انڈر ٹیکر ریٹائر ہوچکے ہیں تاہم اس کی باضابطہ تصدیق لیجنڈ ریسلر یا ڈبلیو ڈبلیو ای کی جانب سے کبھی نہیں کی گئی۔

اب انڈر ٹیکر ڈبلیو ڈبلیو ای کے شو را کے پچیس سال مکمل ہونے پر 22 جنوری کو منعقد ہونے والے خصوصی شو میں شرکت کریں گے، جس کی تصدیق ڈبلیو ڈبلیو ای نے بھی کی ہے۔

کمپنی کے مطابق نیویارک میں ہونے والے اس شو میں را اور اسمیک ڈاﺅن کے سپر اسٹارز کے ساتھ ساتھ لیجنڈز ریسلرز انڈر ٹیکر اور دیگر شریک ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں : انڈر ٹیکر آخری مقابلہ کس ریسلر سے چاہتے تھے؟

حالیہ مہینوں کے دوران ایسی افواہیں مسلسل سامنے آتی رہی ہیں کہ انڈر ٹیکر نے ابھی تک ریسلنگ کو چھوڑنے کا فیصلہ نہیں کیا ہے۔

تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں کہ اس شو میں شرکت کیا ان کی رنگ میں واپسی کا باعث بنے گی یا نہیں، مگر ایسی افواہیں ہیں کہ جان سینا ان کے نئے ریسل مینیا حریف ثابت ہوسکتے ہیں۔

یہ وہ ڈریم میچ ہے، جس کا پرستار برسوں سے انتظار کررہے ہیں، تاہم ہر بار کسی نہ کسی وجہ سے یہ منسوخ ہوجاتا ہے۔

اس حوالے سے گزشتہ دنوں ایک 'لیک تصویر' بھی وائرل ہوئی جس میں ریسل مینیا 34 میں انڈر ٹیکر اور جان سینا کے درمیان مقابلے کا عندیہ دیا گیا۔

تاہم بعد میں انکشاف ہوا کہ یہ ڈبلیو ڈبلیو ای کا تیار کردہ پوسٹر نہیں بلکہ کسی پرستار نے اسے بنایا اور لوگ اسے کمپنی کی لیک تصویر سمجھ کر خوش ہوتے رہے۔

ویسے انڈر ٹیکر کا ابھی بھی ڈبلیو ڈبلیو ای کے ساتھ چار سال کا معاہدہ باقی ہے۔

ڈبلیو ڈبلیو ای کے ایک اور لیجنڈ ریسلر اور نائب صدر ٹرپل ایچ نے گزشتہ دنوں انڈرٹیکر کے مستقبل کے حوالے سے بات بھی کی۔

انکا کہنا تھا کہ انڈر ٹیکر ایسا کردار ہیں جس کے بارے میں سوچنا مشکل ہے کہ وہ انسان ہے 'میں سمجھ سکتا ہوں، اسی لیے لوگ انہیں ریسلنگ سے دور نہیں دیکھنا چاہتے، تو ابھی کہنا مشکل ہے کہ ان کا کیرئیر ختم ہوچکا ہے، ابھی ان میں کیا باقی ہے؟ یہ میں نہیں جانتا، یہ ہمیں ان سے ہی پوچھنا ہوگا اور یہی ڈبلیو ڈبلیو ای کی خوبصورتی ہے۔ انتظار کریں اور دیکھیں'۔

واضح رہے کہ انڈر ٹیکر 1990 سے ڈبلیوڈبلیو ای کا حصہ بنے ہوئے ہیں جو مسلسل 21 سال تک ریسل مینیا میں ناقابل شکست رہے اور ان کا یہ تسلسل بروک لیسنر نے ریسل مینیا 30 (2014) میں توڑا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں