بولی وڈ اداکارہ اور پروڈیوسر ٹوئنکل کھنہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے کافی کام کررہی ہیں اور ان کی پروڈکشن میں بننے والی فلم ’پیڈ مین‘ بھی اس ہی موضوع پر مبنی ہے۔

جہاں فلم ’پیڈ مین‘ ریلیز سے قبل ہی دنیا بھر میں مقبول ہورہی ہے وہیں پاکستان کی کم عمر نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی بھی اس فلم کو بھرپور انداز میں سپورٹ کررہی ہیں۔

خیال رہے کہ فلم ’پیڈ مین‘ کے حوالے سے ٹوئنکل کھنہ کو آکسفورڈ یونیورسٹی ڈیبیٹ سوسائٹی میں بات چیت کے لیے مدعو کیا گیا، جہاں انہوں نے فلم کے موضوع پر بات کی۔

ٹوئنکل کھنہ کا کہنا تھا کہ وہ امید کرتی ہیں کہ یہ فلم ایک تحریک بن جائے جبکہ ان کا مزید کہنا تھا کہ خواتین کو خود پر شرمندہ ہونے کی بھی کوئی ضرورت نہیں۔

مزید پڑھیں: اکشے کمار کی فلم ’پیڈ مین‘ کا پوسٹر جاری

اس حوالے سے ٹوئنکل کھنہ نے نوبیل انعام یافتہ پاکستانی لڑکی ملالہ یوسف زئی سے بھی بات چیت کی۔

خیال رہے کہ فلم ’پیڈمین‘ کی کہانی بھارتی ریاست تامل ناڈو کے شہر کویمبٹور کے سماجی کارکن اروناچلم مروگناتھم کی جدوجہد کے گرد گھومتی ہے۔

اروناچلم مروگناتھم نے اپنے علاقے میں محدود وسائل اور بے شمار مسائل کے باوجود خواتین کے لیے ماحول دوست سینیٹری پیڈز بنائے، اور انہیں شرمساری سے محفوظ کیا۔

اروناچلم مروگناتھم کو ان کی کاوشوں کے عوض پدما شری ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: آخر اکشے کمار ’پیڈ مین‘ کیوں بنے؟

فلم ’پیڈمین‘ میں اکشے کمار مرکزی کردار ادا کررہے ہیں جبکہ ردھیکا آپٹے اور سونم کپور بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گی۔

ٹوئنکل کھنہ کی پروڈکشن اور آر بالکی کی ہدایات میں بننے والی فلم اب رواں سال 9 فروری کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں