پاکستان آرمی نے لائن آف کنٹرول پر بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ سے 8 سالہ بچے کی ہلاکت پر جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی فوج کے پوسٹ تباہ کردیا، دو فوجی ہلاک۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق پاکستان آرمی نے لائن آف کنٹرول پر بچے کی ہلاکت کے بعد بھارتی پوسٹ کو نشانہ بنا کر پوری طرح تباہ کردیا جس کے نتیجے میں بھارت کے دو فوجی ہلاک ہوگئے۔

مزید پڑھیں: آزاد کشمیر میں اسکول وین پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ، ڈرائیور جاں بحق

قبل ازیں ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت کی جانب سے آزاد جموں و کشمیر کے کوٹلی ضلع کے علاقے جنجوٹ بہادر گاؤں میں بلا اشتعال فائرنگ سے 8 سالہ آیان جاں بحق ہوگیا تھا۔

انہوں نے بچے کی تصویر شائع کرتے ہوئے لکھا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے پیلٹ گن کا استعمال اور معصوم نہتے شہریوں کو لائن آف کنٹرول پر نشانپ بنانا، اس کا اصل چہرہ عیاں کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: لائن آف کنٹرول پر بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ سے دو شہری جاں بحق

خیال رہے کہ لائن آف کنٹرول پر بھارت کی جانب سے جنگ بندی (سیز فائر) معاہدے کی خلاف ورزی کے واقعات اکثر رونما ہوتے ہیں۔

واضح رہے کہ ایل او سی پر جنگ بندی کے لیے 2003 میں پاکستان اور بھارتی افواج کی جانب سے ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے تاہم اس کے باوجود جنگ بندی کی خلاف ورزی کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں