دو دن قبل لاہور میں ہونے والے پاکستان کے سب سے معروف ایوارڈ شو ’لکس اسٹائل ایوارڈز‘ کو جہاں غلط ایوارڈز دیے جانے پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

وہیں اب اسی ایوارڈ شو کی ایک مختصر ویڈیو سامنے آنے کے بعد اداکارہ ماہرہ خان اور جاوید شیخ کے تعلق کو بھی سوشل میڈیا پر غلط رنگ دیے جانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

سوشل میڈیا پر لکس اسٹائل ایوارڈ کی ایک مختصر ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، جس میں لیجنڈری اداکار جاوید شیخ کی جانب سے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ وصول کیے جانے سے کچھ لمحات قبل ماہرہ خان کو گلے لگاکے انہیں بوسہ دینے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جاوید شیخ نے ماہرہ خان سے ہاتھ ملانے کے بعد انہیں گلے لگایا اور پھر اشارتا انہیں بوسہ دیا۔

یہ بھی پڑھیں: لکس ایوارڈز شو میں کس نے کتنے ایوارڈز جیتے

اگرچہ یہ عمل فلمی دنیا اور ایوارڈز تقریب میں معمول کا حصہ ہوتا ہے، تاہم سوشل میڈیا صارفین نے اسی عمل کو غلط رنگ دینے کی کوشش کی، اور طرح طرح کی باتیں کہ ڈالیں۔

لوگوں کی تنقید کے بعد ماہرہ خان سے خاموش نہیں رہا گیا، اور انہوں نے بھی اپنی ایک ٹوئیٹ کے ذریعے تنقید کرنے والوں کو کرارا جواب دیتے ہوئے جاوید شیخ کی اہمیت و کردار کی وضاحت کی۔

ماہرہ خان نے اپنی ٹوئیٹ میں کہا کہ ’ جیسے ہی وہ نیند سے بیدار ہوئیں تو انہوں نے بے وقوفی پر مبنی تجزیے اور خبریں دیکھیں‘۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’اگرچہ اپنی رائے رکھنا اور تجزیے کرنا اچھا عمل ہے، تاہم خدا کے لیے ہر عمل اور چیز کو خبر نہ بنائیں‘۔

ساتھ ہی انہوں نے شوبز انڈسٹری میں جاوید شیخ کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ وہ انڈسٹری کے لیجنڈ ہیں، وہ سب کے لیے ایک محترم استاد کا درجہ رکھتے ہیں، جس کی اس سمیت ہرکوئی گواہی دیگا۔

مزید پڑھیں: لکس ایوارڈز میں بیک وقت 76 موسیقاروں کی پرفارمنس

ماہرہ خان کی اسی ٹوئیٹ کو 230 بار ری ٹوئیٹ کیا گیا، جب کہ اس ہزاروں افراد نے لائیک کیا۔

ان کی اسی ٹوئیٹ پر بھی متعدد افراد نے منفی کمنٹس دیے، جب کہ کئی افراد نے اداکارہ کو مشورہ دیا کہ وہ غلط باتوں کی طرف دھیان نہ دیں۔

خیال رہے کہ 17 ویں لکس ایوارڈز کی تقریب 20 فروری کو ہوئی تھی، جس میں ماہرہ خان کو فلم ’ورنہ‘ پر بہترین اداکارہ جب کہ جاوید شیخ کو فلم ’نامعلوم افراد 2‘ پر بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔

علاوہ ازیں سوشل میڈیا پر ماہرہ خان کو بہترین اداکارہ کا ایوارڈ دیے جانے پر بھی لکس اسٹائل ایوارڈز کی انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، لوگوں کا خیال ہے کہ ان کے بجائے فلم ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ کی مہوش حیات کو بہترین اداکارہ کا ایوارڈ ملنا چاہیے تھا۔

—فوٹو: ماہرہ خان انسٹاگرام
—فوٹو: ماہرہ خان انسٹاگرام

تبصرے (0) بند ہیں