دبئی: پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم پشاور زلمی کے اسٹار آلراؤنڈر حسن علی نے پی ایس ایل کو عالمی معیار کی ایک بہترین لیگ قرار دے دیا۔

دفاعی چیمپیئن ٹیم پشاور زلمی کے اسٹار کھلاڑی حسن علی نے ڈان سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سُپر لیگ میں میچز عالمی معیار کے کھیلے جارہے ہیں جن میں کانٹے کے مقابلے دیکھنے میں آرہے ہیں۔

پی ایس ایل میں فیلڈنگ کے معیار کے حوالے سے بات کرتے ہوئے حسن علی نے کہا کہ اس وقت ایونٹ میں شامل ٹیموں کے ساتھ بہترین فیلڈنگ کوچز ہیں اور جس کی وجہ سے فیلڈنگ معیار بھی اعلیٰ درجے پر ہے.

نوجوان آلراؤنڈر کا کہنا تھا کہ ’میں ایک ماہ سے زائد عرصے سے کرکٹ کے میدانوں سے دور تھا تاہم ابھی پی ایس ایل میں بہترین واپسی کی ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ان کی واپسی اپنے کروڑوں مداحوں کی وجہ سے ہے جنہوں نے ان کے لیے دعائیں کیں، تاہم اپنے مداحوں کے لیے بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ بھی کیا۔

حسن علی کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم ٹورنامنٹ کے بقایا میچز میں عمدہ پرفارمنس دکھا کر ایونٹ کے پلے آف مرحلے تک پہنچنے کی بھرپور کوشش کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے پہلے مرحلے میں تمام ٹیمیں بھر پور محنت کر رہی ہیں اور گروپ اسٹیجز میں سرِ فہرست رہنا چاہتی ہیں۔

جب ان سے لاہور اور کراچی میں پی ایس ایل کے میچز کے انعقاد کے حوالے سے ان کے تاثرات کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان میں کرکٹ کھیلنے کے لیے بہت زیادہ پُر جوش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ کرکٹ کے مداحوں کے لیے بھی خوش آئند بات ہے کہ وہ اپنے کھلاڑیوں کو اپنے شہروں میں کھیلتا دیکھیں گے۔

حسن علی کا کہنا تھا کہ وہ اس وقت اپنی فٹنس پر کام کر رہے ہیں اور چاہتے ہیں پی ایس ایل تھری میں بہترین کارکردگی دکھا کر اپنا تسلسل دوبارہ حاصل کرکے پاکستان کی قومی ٹیم میں شامل ہو جائیں۔

حسن علی نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ وہ ایک مرتبہ پھر اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت پشاور زلمی کو پی ایس ایل کا چیمپیئن بنانا چاہتے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں