پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) میں کراچی کنگز نے عماد وسیم کی عدم موجودگی میں انگلینڈ کے کپتان آئن مورگن کو ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا۔

کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کو گزشتہ اتوار کو کھیلے گئے میچ کے دوران کیچ لیتے ہوئے سر پر چوٹ آئی تھی جس کے بعد انھیں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جو زیر علاج ہیں۔

عماد وسیم، لاہور قلندرز کے خلاف کھیلے گئے میچ میں سہیل خان کا ایک مشکل کیچ لیتے ہوئے گرے تھے جس کے باعث انھیں میدان سے باہر جانا پڑا تھا۔

ہسپتال میں ان کی حالت میں بہتری آئی ہے تاہم ڈاکٹرز کی جانب سے مزید چند روز آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔

عماد وسیم کو پشاور زلمی کے خلاف اہم میچ کے لیے شامل نہیں کیا گیا ہے جس کے باعث ٹیم کی قیادت کا خلا پیدا ہوا تھا جس کو نائب کپتان آئن مورگن پورا کریں گے جو حال ہی میں کراچی کنگز میں شامل ہوئے ہیں اور 2018 میں پی ایس ایل میں اپنا پہلا میچ کھیلیں گے۔

کراچی کنگز اب تک پی ایس ایل میں کھیلے گئے 8 میچوں میں سے 4 میں کامیابی اور 3 میں ناکامی کے بعد 9 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔

پی ایس ایل میں اب تک اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پلے آف کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے جبکہ کراچی کنگز پلے آف کے لیے پشاور زلمی سے ٹکرائے گی۔

پوائنٹس ٹیبل میں اسلام آباد یونائیٹڈ12 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 10 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، کراچی کنگز اور ملتان سلطانز بالترتیب 9،9 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔

پشاور زلمی 6 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں اور لاہور قلندرز 4 پوائنٹس کے ساتھ آخر میں موجود ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں