لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما تیمورمسعود نے پتنگ بازی کے خلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی.

قرارداد کے متن میں تیمور مسعود نے موقف اختیار کیا کہ لاہور میں اس وقت بھی پتنگ ڈور بنانے والے درجنوں کارخانہ موجود ہیں جبکہ پتنگ بازی پر پابندی کے باوجود خونی کھیل کھلے عام جاری ہے۔

یہ پڑھیں: راولپنڈی میں پتنگ کی ڈور نے دوزندگیوں کا خاتمہ کردیا

واضح رہے کہ گزشتہ مارچ میں راولپنڈی کے علاقے چکری روڈ پر قبرستان سے واپس دادا کے ساتھ موٹرسائیکل پر گھر جانے والی 4 سالہ اُمِ حبیبہ گلے میں ڈور پھرنے سے جاں بحق ہوگئی تھی۔

وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی جانب سے واقعے کا نوٹس لے لیا اور ایس ایچ او تھانہ صدر بیرونی کو معطل کرنے کا حکم بھی صادر کیے تاہم ضلعی انتظامیہ کے کسی افسر کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

دوسری کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے اس موضوع پر موقف دینے سے انکار کیا تھا اور کہا کہ 'ہمارے ہاتھ کچھ بھی نہیں ہے ہم صرف انتظامی امور کے لیے بیٹھے ہیں'۔

یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی : پتنگ بازی نے 4 سالہ بچی کی جان لے لی

ادھر پنجاب اسمبلی میں ٹھیک ایک سال بعد قرارداد پیش کرنے والے تیمور مسعود کی جانب سے متن میں کہا گیا کہ پتنگ کی قاتل ڈور بنانے کے متعدد کارخانوں کے بارے میں لاہور پولیس کو عمل ہے لیکن وہ کارروائی کرنے سے قاصر ہیں۔

متن میں تجویز پیش کی گئی کہ اس خونی کھیل کو ختم کرنے کے لیے پولیس کو ہر علاقے کے چئیرمن اور کونسلر کی مدد لینی چاہیے۔

اس حوالے سے قرارداد کے متن میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ پتنگ اور ڈور بنانے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائے۔

تبصرے (0) بند ہیں