آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں قابض فوج کی جانب سے کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے حالیہ مظالم پر کہا ہے کہ بھارتی مظالم کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی جدوجہد کو نہیں دبا سکتے جو ان کا بنیادی حق ہے۔

گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان مخالف مظاہروں کے دوران قابض فوج نے نہتے شہریوں پر فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں 17 افراد جاں بحق اور 100 کے قریب زخمی ہوگئے تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا پیغام ٹوئٹ کیا، جس میں انہوں ںے مزید کہا کہ انسانیت سوز مظالم اور ایل او سی پر شہریوں کو نشانہ بنانا قابل مذمت ہے۔

آرمی چیف کے علاوہ بھارتی فورسز کے مظالم کے خلاف پاکستان کے حکمرانوں، صحافیوں اور شوبز سے تعلق رکھنے والے افراد نے شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے اس معاملے میں مداخلت کرنے اور اقوامِ متحدہ سے بھارت کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کردیا۔

وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے نہتے کشمیریوں کے قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے بھارتی فورسز کی اس کارروائی کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا۔

وفاقی وزیرخارجہ خواجہ آصف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ ’آج مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کا بد ترین دن ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی قابض فورسز نے 20 معصوم کشمیریوں کو شہید اور 300 سے زائد کو زخمی کردیا جبکہ 5 گھروں کو نذر آتش بھی کیا اور یہ سلسلہ جاری ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان نے کشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کے قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے معصوم کشمیریوں کے خلاف بربریت اور نہتے افراد کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ ’پاکستانی قوم حق خود ارادیت کی جمہوری جدوجہد میں اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں‘۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل مقبوضہ وادی میں ستم ڈھانے والے بھارت کے خلاف کارروائی کرے۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’گجرات اور کشمیر کا قصائی‘ نریندر مودی کشمیری عوام کے خون سے ہولی کھیل رہا ہے جو پرندوں کی مانند بھارتی فورسز کے ہاتھوں مارے جاتے ہیں۔

پی پی پی کی جانب سے جاری ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کشمیر کے معاملے پر عالمی برادری کی جانب سے خاموشی اختیار کرنے پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا کہ عالمی برادری کو وادی میں بھارتی مظالم کا نوٹس لینا چاہیے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی پر جان بوجھ کر خاموشی اختیار کرنا جوہر طاقت کے حامل جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے بڑا خطرہ ہے۔

شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی جانب سے حقِ خود ارادیت کے لیے جدوجہد کی نئی لہر حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی سے متاثر ہوکر دوبارہ ابھری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی منظوری کے بعد بھی کشمیری عوام نے حقِ خودارادیت کی جدوجہد میں جو مثالی قربانیاں دی ہیں انہوں نے بہادری، جواں مردی اور اپنے بھرپور عزم و ہمت کا شاندان باب قلمبند کیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لینا چاہیے۔

سینیٹر انوار الحق کاکڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’یہ مظالم اس حقیقت کا ثبوت ہیں کہ بھارت کشمیریوں کے عزم کو توڑنے میں ناکام ہوگیا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر حل کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

پاکستان کی معروف اینکر پرسن ریحام خان نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کے کارکنان کو بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کے دورہ لندن کے دوران اپنا بیان ریکارڈ کروانا چاہیے۔

بھارتی فورسز کی کشمیر میں کارروائیوں کے خلاف پاکستان فلم اور ٹی وی اداکار حمزہ علی عباسی نے نہتے کشمیریوں کے قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’کشمیر میں قتل عام امریکا اور اس کی غلام قوموں کے چہروں پر تماچا ہے‘۔

حمزہ علی عباسی کا کہنا تھا کہ ایسے مظالم کرنے کے بعد امریکا اور بھارت ہمیں درس دیتے ہیں کہ کون دہشت گرد ہے اور کون نہیں۔

خیال رہے کہ یکم اپریل کو مقبوضہ کشمیر میں بھارت مخالف مظاہروں کے دوران قابض فوج نے نہتے شہریوں پر فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں 17 کشمیری جاں بحق اور 100 کے قریب زخمی ہوگئے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں