کامن ویلتھ گیمز: طلحہ طالب نے پاکستان کو پہلا میڈل دلا دیا

اپ ڈیٹ 09 اپريل 2018
پاکستان کے طلحہ طالب کانسی کا تمغہ جیتنے کے بعد اپنے میڈل کو چوم رہے ہیں— فوٹو: اے پی
پاکستان کے طلحہ طالب کانسی کا تمغہ جیتنے کے بعد اپنے میڈل کو چوم رہے ہیں— فوٹو: اے پی

گوجرانوالہ کے 18سالہ طلحہ طالب نے کامن ویلتھ گیمز کے ویٹ لفٹنگ مقابلے میں کانسی کا تمغہ جیت کر پاکستان کو پہلا میڈل دلا دیا۔

62کلو گرام کی کیٹیگری میں مقابلہ کرنے والے طلحہ طالب نے مجموعی طور پر 283 کلو گرام وزن اٹھایا اور 21ویں کامن ویلتھ گیمز میں کانسی کا تمغہ جیتنے میں کامیاب رہے۔

انہوں نے اسنیچ ایونٹ میں 132کلوگرام وزن اٹھا کر کامن ویلتھ گیمز کا نیا ریکارڈ بھی بنا دیا۔

62کلو گرام کی کیٹیگری میں ملائیشیا کے محمد ازنل بدین نے سونے جبکہ پاپوا نیوگنی کے مور بارو نے چاندی کا تمغہ جیتا۔

تاہم اس کے علاوہ یہ دن پاکستانی شائقین کے لیے زیادہ اچھا ثابت نہ ہو سکا۔

قومی بیڈمنٹن ٹیم کو اسکاٹ لینڈ نے 5-0 کی بدترین شکست سے دوچار کیا جبکہ اسکواش کے کھلاڑی فرحان زمان اور طیب اسلم ابتدائی میچ جیتنے کے بعد راؤنڈ آف 32 کے میچ میں شکست سے دوچار ہوئے۔

پاکستانی باکسر گل زیب نے راؤنڈ آف 32 میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے ولیم لی پولین کو شکست دے کر اگلے راؤنڈ میں جگہ بنائی۔

ہاکی میں بھی پاکستانی ٹیم کچھ خاص کارکردگی نہ دکھا سکی اور ویلز کے خلاف میچ 1-1 گول سے برابر رہا۔

ایونٹ میں پاکستان کا اگلا مقابلہ ہفتے کو روایتی حریف بھارت بھارت سے ہو گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں