پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پنجاب میں تو لوٹ مار ہے ہی لیکن سندھ میں جو لوٹ مار ہے، اس کی تو دنیا میں کوئی مثال نہیں ملتی۔

حیدرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ سندھ میں پیسہ آتا ہے لیکن عوام تک نہیں پہنچتا، آصف علی زرداری، ان کی بہن سمیت سب پیسے بنارہے ہیں، تاہم سندھ کے عوام نے فیصلہ کرلیا ہے کہ وہ ان سے جان چھڑائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاق میں ’ کیوں نکالا ‘ ہوگیا، اب سندھ کی باری ہے اور ہم یہاں ’ کیوں نکالا‘ شروع کریں گے۔

مزید پڑھیں: تحریک انصاف نے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم مسترد کردی

عمران خان نے کہا کہ سندھ کے لوگ اب روٹی، کپڑا، مکان اور بھٹو زندہ ہے کے نعرے میں نہیں آنے والے اور انشاء اللہ 2018 کے انتخابات میں سندھ میں نئی سحر آنے والی ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ چاروں صوبوں میں سندھ سب سے پیچھے ہے اور یہ بالکل لاوارث ہے کیونکہ یہاں سب لوگ لوٹ مار میں لگے ہوئے ہیں اور اس وقت یہی صوبہ سب سے زیادہ تبدیلی کے لیے آگے بڑھ رہا ہے۔

اپنے مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے سندھ کے ساتھ جو کیا وہ کوئی دشمن بھی نہیں کرتا، لہٰذا سندھ کا خون چوسنے والے چھوٹے سے گروہ کا خاتمہ ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات میں سب سے زیادہ دھاندلی خواتین کے پولنگ اسٹیشن میں ہوتی ہے لیکن اس بار تحریک انصاف آصف علی زرداری کو سیاسی پر زندہ نہیں رہنے دے گی۔

وزیر اعظم کی جانب سے اعلان کردہ نئی ایمنیسٹی اسکیم پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف اس اسکیم کو مسترد کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ ہم 2018 کے انتخابات میں کامیابی حاصل کریں گے اور جنہوں نے ایمنسٹی لی ہے ان کے خلاف تحقیقات کریں گے کیونکہ اس اسکیم کا مطلب ٹیکس دہندگان کو بیوقوف سمجھنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم کا ٹیکس نادہندگان کیلئے ’ایمنسٹی اسکیم‘ کا اعلان

خیبرپختونخوا میں کرپشن کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ میں قومی احتساب بیورو ( نیب ) کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ آئے اور ہمارے صوبے میں بھی تحقیقات کرے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی عمران خان نے کہا تھا کہ ’ملک میں آج تک کوئی ایمنسٹی اسکیم کامیاب نہیں ہوئی اور اس سے ہمیشہ صرف کرپٹ عناصر کو ہی فائدہ ملا۔‘

انہوں نے کہا تھا کہ ’ایمنسٹی اسکیم کا مقصد ملک کے ایماندار لوگوں کو بیوقوف بنانا ہے، ہماری جماعت آئندہ عام انتخابات میں فتح حاصل کر کے مرکز میں حکومت بنائے گی اور اس ایمنسٹی اسکیم کو ختم کر دے گی‘۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں