پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ ان کی جماعت وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی اعلان کردہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کو مسترد کرتی ہے۔

سانگھڑ میں پارٹی کی رکنیت سازی کیمپ میں خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے اسکیم متعارف کرانے کے وقت پر سوال اٹھایا کیونکہ موجودہ حکومت کی آئندہ دو ماہ میں مدت ختم ہوجائے گی۔

عمران خان نے کہا کہ ’ملک میں آج تک کوئی ایمنسٹی اسکیم کامیاب نہیں ہوئی اور اس سے ہمیشہ صرف کرپٹ عناصر کو ہی فائدہ ملا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ایمنسٹی اسکیم کا مقصد ملک کے ایماندار لوگوں کو بیوقوف بنانا ہے، ہماری جماعت آئندہ عام انتخابات میں فتح حاصل کر کے مرکز میں حکومت بنائے گی اور اس ایمنسٹی اسکیم کو ختم کر دے گی۔‘

پی ٹی آئی چیئرمین نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’سندھ میں گزشتہ دو ادوار سے پیپلز پارٹی کی حکومت ہے لیکن اس کے باوجود صوبے کی حالت مستقل ابتر ہو رہی ہے اور صحت و تعلیم کے شعبے تباہ ہو چکے ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’صوبے کے عوام کو پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں جس کے باعث یہاں ہر چوتھا شخص ہیپاٹائٹس کا شکار ہے، جبکہ بچے زہریلا پانی پینے سے مر رہے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’سندھ پولیس کو عوام کی حفاظت کرنی چاہیے تھی لیکن اسے جعلی مقدمات بنانے کی دھمکیوں کے ذریعے لوگوں کو غلام بنانے کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔‘

عمران خان نے کہا کہ ’پیپلز پارٹی کے وزراء، اس کے اتحادی اور سابق صدر آصف علی زرداری کی ہمشیرہ ارب پتی بن گئے، لیکن ان کے ووٹرز انتہائی غربت کی زندگی گزار رہے ہیں، جبکہ سندھ کے عوام بیروزگاری اور ناانصافی جیسے مسائل کا شکار ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’سندھ کے عوام سے پہلے بھٹو کے نام پر ووٹ مانگا جاتا ہے اور پھر لوٹا جاتا ہے، تاہم تحریک انصاف یہاں کے عوام کو آصف علی زرداری سے آزاد کرائے گی۔‘

واضح رہے کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے ٹیکس نادہندگان کے لیے ’ایمنسٹی اسکیم‘ کا اعلان کیا تھا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ’انکم ٹیکس کے حوالے سے پیکیج جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ملک میں اس وقت صرف 7 لاکھ افراد انکم ٹیکس ادا کرتے ہیں، ٹیکس گزاروں کی محدود تعداد معاشی مسائل پیدا کر رہی ہے اور ٹیکس ادا نہ کرنے سے قومی خزانے پر اضافی بوجھ پڑتا ہے، تاہم اس پیکج سے انکم ٹیکس کے دائرہ کار میں اضافہ ہوگا۔‘

وزیر اعظم نے 5 نکاتی ٹیکس اصلاحات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’جو لوگ ٹیکس ادا نہیں کرتے اور جن کے بیرون ملک اثاثے موجود ہیں وہ 2 فیصد جرمانہ اد کر کے ٹیکس ایمنسٹی حاصل کر سکتے ہیں۔‘

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں