بولی وڈ کی سپر اسٹار اور سابق مس ورلڈ پریانکا چوپڑا جو اپنے دلیرانہ اور منفرد کرداروں کی وجہ سے شہرت رکھتی ہیں، انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں گوری رنگت نہ ہونے کے باعث ہولی وڈ میں فلم نہیں ملی۔

خیال رہے کہ 35 سالہ پریانکا چوپڑا کی اصل رنگت سانولی یا گندمی ہے، تاہم وہ 18 سال قبل 2000 میں محض 17 سال کی عمر میں ’مس ورلڈ‘ منتخب ہوئی تھیں۔

مس ورلڈ منتخب ہونے کے بعد بولی وڈ میں اداکاری کی شروعات کرنے والی پریانکا چوپڑا اس وقت 50 سے زائد فلموں میں جلوہ گر ہوچکی ہیں۔

اگرچہ وہ گزشتہ برس پہلی ہولی وڈ فلم ’بے واچ‘ میں بھی ایکشن میں نظر آئیں تھیں اور اس سے قبل وہ ایکشن تھرلر ڈرامے ’کوانٹیکو‘ میں بھی نظر آئیں تھیں۔

تاہم اب انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں سانولی رنگت کی وجہ سے ایک ہولی وڈ فلم میں کاسٹ کرنے سے انکار کردیا گیا۔

پریانکا چوپڑا اس سے قبل بھی اعتراف کر چکی ہیں کہ سانولی رنگت کی وجہ سے انہیں ابتدائی کیریئر میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

’سات خون معاف، اعتراض، برفی، انداز، مجھ سے شادی کروگی، باجی راؤ مستانی، ڈون، کرش، فیشن، جے گنگا جل اور میری کوم’ جیسی فلموں میں اداکاری دکھانے والی پریانکا چوپڑا نے اعتراف کیا کہ ایک سال قبل انہیں ہولی وڈ فلم میں کاسٹ کرنے سے انکار کردیا گیا، جس پر انہیں دھچکا لگا۔

شوبز میگزین ’ان اسٹائل‘ کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں پریانکا چوپڑا نے اپنی سانولی رنگت، اپنے کیریئر، فلمی دنیا میں مردوں کے مقابلے خواتین کو ملنے والے کم معاوضے سمیت اپنے ساتھ پیش آنے مسائل پر کھل کر بات کی۔

پریانکا چوپڑا جن کا شمار بولی وڈ کی مہنگی ترین اداکاراؤں میں ہوتا ہے، انہوں نے کہا کہ ایک سال قبل ایک ہولی وڈ اسٹوڈیو کی جانب سے ان کے ایک ایجنٹ کو فون کال موصول ہوئی، جس میں میری جسمانی خامیوں کا تذکرہ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پریانکا چوپڑا دنیا کی طاقتور ترین خواتین میں شامل

پگی چوپس کے مطابق انہیں یہ سن کر اگرچہ تعجب نہیں ہوا، تاہم انہوں نے ایک فنکار کی حیثیت میں یہ معلوم کرنے کی کوشش کی کہ ان میں کیا خرابی ہے اور انہیں جسمانی طور پر کس طرح ہونا چاہیے۔

پریانکا کا کہنا تھا کہ انہوں نے پوچھا کہ ان کے جسمانی خدوخال کس طرح ہونے چاہیے، کیا انہیں مزید کسرت کرکے خود کو دبلا پتلا کرنا چاہیے۔

’فیشن‘ اداکارہ کے مطابق جب انہوں نے کئی سوالات کیے تو ان کے ایجنٹ نے ان کی رنگت کے بارے میں کہا اور بتایا کہ شاید فلم اسٹوڈیو کو سانولی رنگت پر اعتراض ہے۔

—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

پریانکا چوپڑا نے بتایا کہ انہیں اپنے ایجنٹ کی بات سن کر جہاں دھچکا لگا وہیں وہ بات سمجھ بھی گئیں۔

تاہم اداکارہ نے یہ نہیں بتایا کہ انہیں کون سی فلم میں کاسٹ کرنے سے انکا کردیا گیا۔

اسی انٹرویو میں پریانکا چوپڑا نے اپنی والدہ کی بھی خوب تعریفیں کیں اور کہا کہ انہوں نے ایک ایسے خاندان میں پرورش پائی، جہاں مرد سے زیادہ خاتون کی حکمرانی ہوتی تھی۔

ان کے مطابق ان کے والد کے ہوتے ہوئے بھی ان کی والدہ جو ہندوستان کی فوج میں ڈاکٹر کی خدمات سر انجام دے چکی ہیں ان کی ہی حکمرانی ہوتی تھی۔

مزید پڑھیں: پریانکا چوپڑا نے بھارتی اداکاراؤں کی کمائی پرسوالات اٹھادیے

پگی چوپس نے یہ بھی انکشاف کیا کہ وہ پیسے خرچ کرنے کے معاملے میں انتہائی محطاط رہتی ہیں اور انہیں یہ عادت بھی اپنی والدہ کی جانب سے ملی۔

—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

پریانکا چوپڑا نے بتایا کہ انہیں اپنی پہلی کمائی کا چیک 17 سال کی عمر میں ملا تھا، جو انہیں ماڈلنگ کرنے پر ملا، تاہم ان کی والدہ نے اسے کیش کرانے اور فالتو خرچ کرنے سے روک دیا۔

پگی چوپس کے مطابق ان کی والدہ نے انہیں اپنی پہلی کمائی کے ذریعے ہی سرمایہ کرنے کی تجویز دی اور کہا کہ میں اس سے چھوٹی سے جائداد خرید کر اسے کرائے پر دیکر ہر ماہ پیسے کماؤں۔

ایک سوال کے جواب میں پریانکا چوپڑا کا کہنا تھا کہ اگرچہ ہولی وڈ و بولی وڈ میں مرد و خواتین کے معاوضوں میں نمایاں فرق ہے، تاہم اب سمندر میں تبدیلی آ رہی ہے۔

—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

یہ بھی پڑھیں: پریانکا چوپڑا بدترین اداکارہ نامزد ہونے سے بچ گئیں

پگی چوپس کے مطابق اس وقت فلم انڈسٹری میں خواتین زیادہ پروفیشنل انداز میں آگے بڑھ رہی ہیں اور ان کے معاوضوں میں بھی بہتری آ رہی ہے۔

خیال رہے کہ پریانکا چوپڑا کے آنے والے امریکی ایکشن تھرلر ڈرامے ’کوانٹیکو 3‘ کو رواں ماہ 26 اپریل کو ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔

اس ڈرامے میں پریانکا چوپڑا امریکی تحقیقاتی ادارے ’ایف بی آئی‘ کے ایجنٹ کے روپ میں نظر آئیں گی۔

اس ڈرامے کا پہلا ٹریلر تین دن قبل ہی جاری کیا گیا تھا۔

پریانکا اس سے قبل بھی اس ڈرامے کے دونوں سیزن میں نظر آ چکی ہیں۔

—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں