پریانکا چوپڑا دنیا کی طاقتور ترین خواتین میں شامل

02 نومبر 2017
پریانکا چوپڑا — اے ایف پی فائل فوٹو
پریانکا چوپڑا — اے ایف پی فائل فوٹو

بولی وڈ کے بعد ہولی وڈ میں شہرت کی سیڑھیاں چڑھنے والی اداکارہ پریانکا چوپڑا کو ایک اور اعزاز مل گیا۔

امریکی جریدے فوربس نے اپنی 2017 کی طاقتور ترین خواتین کی فہرست میں پریانکا چوپڑا کا نام بھی شامل کیا ہے جو کہ 97 ویں نمبر پر ہیں۔

اس فہرست میں جرمن چانسلر اینجیلا مارکل کو دنیا کی طاقتور ترین خاتون قرار دیا گیا جن کے بعد دوسرے نمبر پر برطانوی وزیراعظم تھریسا مے کھڑی ہیں۔

بل گیٹس کی اہلیہ اور بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاﺅنڈیشن کی ملینڈا گیٹس تیسرے، فیس بک کی سی او او شیرل سینڈبرگ چوتھے، اوپرا وانفرے، ملکہ الزبتھ دوئم، اینا ونٹور، بنگلہ دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد، ہیلری کلنٹن، پریسیلا چن اور ارینا ہفنگٹن وغیرہ بھی طاقتور خواتین کی فہرست کا حصہ ہیں۔

یہ پہلی بار ہے کہ پریانکا چوپڑا اس فہرست کا حصہ بنی ہیں جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی ایونکا ٹرمپ کو بھی پہلی بار یہ اعزاز حاصل ہوا جو کہ 19 ویں نمبر پر رہیں۔

ان کے علاوہ گلوکارہ بیونسے، ٹیلر سوئفٹ، جے کے رولنگ بھی اس فہرست کا حصہ ہیں۔

خیال رہے کہ پریانکا کو اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال یونیسیف نے بھی اپنا خیرسگالی سفیر بنایا ہے۔

رواں سال کے شروع میں فوربس نے سب سے زیادہ کمانے والے بولی وڈ اداکاروں کی فہرست میں بھی پریانکا چوپڑا کو 7 ویں نمبر پر رکھا تھا جن کی آمدنی 10 ملین ڈالرز رہی۔

تبصرے (0) بند ہیں