مستقبل کا یہ فون دنگ کردینے والا ہے

11 مئ 2018
— فوٹو بشکریہ چانگ چینگ/ ویبو
— فوٹو بشکریہ چانگ چینگ/ ویبو

چینی کمپنی لینوو اپنے نئے فلیگ شپ فون زی 5 کو صحیح معنوں میں بیزل لیس یا آل ڈسپلے بناکر سام سنگ اور ایپل کے ہوش اڑانے والی ہے۔

کمپنی کے نائب صدر چانگ چینگ نے چینی سوشل میڈیا سائٹ ویبو پر اس فون کا کانسیپٹ خاکہ شیئر کیا، جو کہ اوپر دیکھا جاسکتا ہے۔

اس خاکے میں بیزل کہیں موجود ہی نہیں اور اسکرین ٹو باڈی ریشو کے لحاظ سے فرنٹ پر اسکرین 95 فیصد حصے پر موجود ہوگی، جو کہ ابھی کسی بھی فون کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے۔

مزید پڑھیں : ایسا اسمارٹ فون آپ نے کبھی نہیں دیکھا ہوگا

چانگ چینگ نے لکھا کہ لینوو زی 5 میں کمپنی 4 ٹیکنالوجی بریک تھرو حاصل کرنے والی ہے۔

یہ فون ممکنہ طور پر ایسے فنگرپرنٹ اسکینر کے ساتھ ہوگا جو ڈسپلے کے اندر موجود ہوگا، اسی طرح ان اسکرین ائیر پیس، پوپ اپ سیلفی کیمرہ بھی قابل ذکر فیچرز ہیں۔

اس سے ہٹ کر ابھی فون کی دیگر تفصیلات لیک ہوکر سامنے نہیں آسکی ہیں۔

کمپنی نے زی 5 کو مستقبل کا فون قرار دیا ہے جو لوگوں کے خوابوں کی تعبیر ثابت ہوگا۔

ابھی جو فون اس سے قریب تر ہے وہ ویوو اپیکس ہے۔

اس فون میں 91 فیصد اسکرین ٹو باڈی ریشو، آن اسکرین فنگر پرنٹ اسکینر اور پوپ اپ سیلفی کیمرہ موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں : چینی کمپنی نے سام سنگ اور ایپل کو پیچھے چھوڑ دیا

یہ فون چین میں متعارف تو کرادیا گیا ہے مگر ابھی یہ مارکیٹ میں فروخت کے لیے پیش نہیں کیا گیا۔

لینوو کی جانب سے اس نئے فلیگ شپ فون کی ریلیز ڈیٹ کا ابھی اعلان نہیں کیا گیا تاہم مختلف رپورٹس میں اسے 14 جون کو متعارف کرانے کا عندیہ سامنے آیا ہے۔

خیال رہے کہ لینوو لیپ ٹاپ کے حوالے سے زیادہ شہرت رکھتی ہے جبکہ اسی نے موٹرولا برانڈ کو خرید رکھا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں