قومی احتساب بیورو (نیب) کے کراچی آفس نے بدھ کے روز کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے سینئر عہدیدار سیف عباس کو مبینہ طور پر 265 ایکڑ سرکاری زمین غیر قانونی طور پر فروخت کرنے پر گرفتار کرلیا۔

نیب ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’نیب کراچی نے کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سابق ڈائریکٹر لینڈ سیف عباس کو (جو کے ایم سی کے موجودہ ڈائریکٹر کھیل اور ثقافت ہیں) گرفتار کیا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’سیف عباس 300 پلاٹس پر مشتمل 265 ایکڑ قیمتی زمین غیر قانونی طور پر فروخت کرنے اور پلاٹوں کی لیز کے کیس میں تحقیقات کے لیے مطلوب تھے۔‘

انہوں نے کہا کہ مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر فروخت کی گئی یہ زمین بھینس کالونی ڈیھ گنگیارو میں واقع ہے اور اسے صنعتی یونٹ کے لیے مختص کیا گیا تھا۔

سیف عباس کو ان کے دفتر سے گرفتار کیا گیا۔

وہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے میڈیا ونگ کا بھی حصہ رہے، بعد ازاں ایم کیو ایم میں دھڑے بندی کے بعد وہ فاروق ستار کے ایم کیو ایم۔پی آئی بی دھڑے کا حصہ بنے۔

یاد رہے کہ رواں ماہ کے اوائل میں نیب نے کیس کے دوسرے ملزم شعیب میمن کو گرفتار کیا تھا، جن سے تحقیقات جاری ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں