انگلش بیٹنگ میں مستقل مزاجی کیلئے روٹ کا نمبر3 پر بیٹنگ کا فیصلہ

جو روٹ نے 2016 میں پاکستان کے خلاف نمبر3 پر بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیسٹ کیریئر کی بہترین 254 رنز کی اننگز کھیلی تھی— فائل فوٹو: اے ایف پی
جو روٹ نے 2016 میں پاکستان کے خلاف نمبر3 پر بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیسٹ کیریئر کی بہترین 254 رنز کی اننگز کھیلی تھی— فائل فوٹو: اے ایف پی

انگلینڈ کے کپتان جو روٹ نے بیٹنگ لائن کو استحکام فراہم کرنے کے لیے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں نمبر 4 کے بجائے دوبارہ سے 3نمبر پر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

روٹ نے یہ فیصلہ بیٹنگ لائن میں مستقل مزاجی کی کمی اور مسلسل ناکامیوں کو دیکھتے ہوئے کیا ہے جہاں انگلینڈ کو آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گئے 7 میں سے 5 میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

نئے چیف سلیکٹر ایڈ اسمتھ کی جانب سے منتخب کی جانے والی پہلی ٹیم میں روٹ نے اپنے بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی کرتے ہوئے دوبارہ نمبر 3 پر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ میرے لیے مزید ذمے داریاں اٹھانے کا نادر موقع ہے، میں ایک سال سے قیادت کر رہا ہوں اور میں سمجھتا ہوں کہ یہ قدم اٹھانے کے لیے میں نے مناسب تجربہ حاصل کر لیا ہے۔

واضح رہے کہ روٹ اس سے قبل نمبر 3 پر 31اننگز کھیل چکے ہیں جہاں انہوں نے 2016 میں پاکستان کے خلاف اسی نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے اپنے کیریئر کی بہترین 254 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

تاہم اس نمبر پر ان کی اوسط قدرے کم ہے جہاں نمبر 3 پر کھیلتے ہوئے انہوں نے 43.96 کی اوسط سے رنز بنائے جبکہ نمبر 4 پر بیٹنگ کرتے ہوئے ان کی اوسط 52.63 رہی۔

جب گزشتہ سیزن کے آغاز میں روٹ کو قیادت سونپی گئی تو انہوں نے اپنا نمبر تبدیل کرتے ہوئے نمبر 4 پر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور نمبر3 پر گیری بیلنس، ٹام ویسٹلے اور جیمز ونس کو آزمایا گیا لیکن یہ تینوں ناکامیوں سے دوچار ہوئے اور انگلش بیٹنگ لائن کو بھی اس تمام عرصے میں مستقل مزاجی کی کمی کا سامنا رہا۔

روٹ نے کہا کہ کپتان کی حیثیت سے مجھے ذمے داری اٹھانا ہو گی اور اس بات کو یقینی بنانا ہو گا کہ جب میں بیٹنگ کے لیے میدان میں اتروں تو میری پوری توجہ اسی پر ہو اور میری کوشش ہو گی کہ اس سیزن میں اس پوزیشن پر زیادہ سے زیادہ رنز کر سکوں۔

واضح رہے کہ پاکستان ٹیم کل سے پریکٹس میچ سے دورہ انگلینڈ کی تیاریوں کا آغاز کرے گی جہاں انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 24مئی سے کھیلا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں