لارڈز میں عمدہ کارکردگی، عباس صف اول کے 20باؤلرز میں شامل

محمد عباس 8وکٹیں لے کر لارڈز ٹیسٹ کے مین آف دی میچ قرار دیے گئے تھے— فوٹو: اے ایف پی
محمد عباس 8وکٹیں لے کر لارڈز ٹیسٹ کے مین آف دی میچ قرار دیے گئے تھے— فوٹو: اے ایف پی

دبئی: انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ میں شاندار فتح کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں کی رینکنگ میں بھی نمایاں بہتری آئی ہے ٹیسٹ میچ کے ہیرو محمد عباس پہلی مرتبہ صف اول کے باؤلرز کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں۔

انگلینڈ کے خلاف کھیلے گئے لارڈز ٹیسٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے بیٹنگ و باؤلنگ میں غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور میچ میں فتح کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کی رینکنگ میں بھی بہتری آئی ہے۔

بلے بازوں کی فہرست میں ایک سالہ پابندی کا شکار آسٹریلین کرکٹر اسٹیون اسمتھ بدستور سرفہرست ہیں، ویرات کوہلی دوسرے اور جوروٹ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

پاکستان کے اظہرعلی 12ویں نمبر پر موجود ہیں جبکہ ایلسٹر کک ایک سیڑھی چڑھ کر 15ویں نمبر پر آ گئے، جونی بیئراسٹو 3 درجے تنزلی کے بعد 16ویں نمبر پر چلے گئے جبکہ اسد شفیق 6 درجے اوپر چڑھ کر 26ویں نمبر پر آ گئے۔

انگلش آل راؤنڈر بین اسٹوکس 6 درجے گر کر 31ویں اور مستقل ناقص کارکردگی کے بعد سرفراز احمد 4 درجے تنزلی کے بعد 41ویں نمبر پر چلے گئے۔

حارث سہیل 13 درجے ترقی پا کر 80ویں اور بابراعظم 14 درجے ترقی پا کر 86ویں نمبر پر آ گئے جبکہ فہیم اشرف کی 8 درجے تنزلی ہوئی ہے اور وہ 89ویں نمبر پر چلے گئے۔

باؤلرز کی رینکنگ میں جنوبی افریقہ کے کگیسو ربادا دنیا کے نمبر ایک باؤلر برقرار ہیں جبکہ جیمز اینڈرسن دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔

لارڈز ٹیسٹ کے ہیرو محمد عباس میچ میں 8 وکٹیں لے کر 9 درجے ترقی کر کے پہلی مرتبہ صف اول کے 20باؤلرز کی فہرست میں شامل ہو گئے جبکہ محمد عامر کی بھی 5 درجے ترقی ہوئی ہے اور وہ 32ویں نمبر پر آ گئے۔

نوجوان فاسٹ باؤلر حسن علی 26 درجے لمبی چھلانگ لگا کر 61ویں نمبر پر آ گئے جبکہ لیگ اسپنر شاداب خان کی بھی ٹاپ 100 کھلاڑیوں میں انٹری ہوئی ہے اور وہ 96ویں نمبر پر موجود ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں