الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کاغذات نامزدگی حاصل اور جمع کروانے کے لیے نئی تاریخوں سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

الیکشن کمیشن کے جاری بیان کے مطابق امیدوار 4 جون سے کاغذات نامزدگی حاصل کرسکیں گے جبکہ 8 جون تک کاغذات جمع کروائے جاسکتے ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر 8 جون کو ہی امیدواروں کی لسٹ آویزاں کریں گے۔

مزید پڑھیں: انتخابات 2018: ریٹرننگ افسران نے پبلک نوٹسز جاری کردیئے

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ایک مرتبہ پھر اپنے بیان میں واضح کیا کہ انتخابات 2018 کا انعقاد 25 جولائی کو ہی ہوگا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل یکم جون 2018 کو الیکشن کمیشن کی جانب سے نوٹس جاری کیا گیا تھا جس کے مطابق ملک بھر میں کاغذات نامزدگی یکم جون سے حاصل اور 6 جون تک جمع کرائے جاسکتے تھے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ کاغذات نامزدگی کی فیس 100 روپے ہوگی اور یہ اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں دستیاب ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات کے طریقہ کار کا اعلان کردیا گیا

نوٹسز کے مطابق قومی اسمبلی کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی سیکیورٹی فیس 30 ہزار جبکہ صوبائی اسمبلی کے لیے 20 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔

اس بارے میں الیکشن کمیشن نے واضح کیا تھا کہ ایک چوتھائی سے کم ووٹ حاصل کرنے کی صورت میں سیکیورٹی فیس ضبط کرلی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں