کولکتہ: بھارت میں مغربی بنگال کے ضلع پارگاناس میں ایک صارف نے بریانی کی قیمت کے تنازع پر فائرنگ کرکے دکاندار کو قتل کردیا۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق دکاندار سنجے موندال کو بریانی کی پلیٹ کے 190 روپے طلب کرنے پر صارف کی جانب سے فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق انہوں نے واقعے کے بعد ایک شخص کو گرفتار کرلیا جبکہ اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے تلاش جاری ہے۔

مزید پڑھیں: متعصب ہندوؤں نے تشدد کے بعد ’نچلی ذات‘ کے نوجوان کی مونچھیں منڈوادیں

پولیس نے بتایا کہ ’جھگڑا بریانی کی پلیٹ کے عوض رقم طلب کرنے پر شروع ہوا اور صارف نے دکاندار پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا‘۔

انہوں نے بتایا کہ زخمی کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے اسے مردہ قرار دیا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ واقعے کا مقدمہ درج کرکے محمد فیروز نامی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق ’بظاہر یہ معاملہ بریانی کی قیمت پر ہونے والا جھگڑا معلوم ہوتا ہے لیکن دیگر حوالوں سے بھی تحقیقات کی جارہی ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت: دلت اور اونچی ذات میں کشیدگی، 2 ہلاک

ادھر موندال کے بھائی کا کہنا تھا کہ ’جب فیروز نے میرے بھائی کو قتل کیا اس وقت موقع پر 4 افراد موجود تھے، جن میں فیروز، راجا، موگری اور سلمان شامل ہیں‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس واقعے کے بعد ہمیں نہیں معلوم کہ ہم اپنا کاروبار کس طرح پُرامن طریقے سے جاری رکھ سکتے ہیں؟

تبصرے (0) بند ہیں