حب ڈیم میں پانی کی سطح خطرناک حد تک پہنچنے کے بعد کراچی اور حب شہر کو پانی کی فراہمی بند کیے جانے کا امکان ہے۔

واپڈا ذرائع کے مطابق کراچی کے مختلف حصوں اور حب شہر کو پانی فراہم کرنے والے حب ڈیم میں پانی کی سطح ایک روز میں ڈیڈ لیول تک پہنچ جائے گی، جس کے بعد پانی کی فراہمی بند ہوسکتی ہے۔

ذرائع کے مطابق حب ڈیم میں پانی کی سطح خطرناک حد تک پہنچنے کے بعد پمپنگ کے ذریعے پانی فراہم کیا جاسکتا ہے، تاہم اب تک کراچی واٹر بورڈ کی جانب سے پمپنگ کے لیے انتظامات نہیں کیے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: سندھ طاس معاہدے کو خارجہ پالیسی کا حصہ بنانے کا مطالبہ

واضح رہے کہ حب ڈیم میں پانی کی سطح کم ہونے کے باعث ماہ رمضان کے آخری عشرے میں کراچی کے ضلع غربی میں پانی کا بحران مزید شدت اختیار کرسکتا ہے۔

دوسری جانب بلوچستان کے محکمہ آبپاشی کو پمپنگ کے لیے فنڈز جاری نہ ہونے کی وجہ سے حب شہر کو بھی پپمنگ کے ذریعے پانی کی سپلائی شروع نہیں ہوسکی، جس کے باعث بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پانی کا بحران پیدا ہوگیا۔

خیال رہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں گزشتہ کچھ روز سے پانی کا بحران شدت اختیار کرچکا ہے اور شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں کی جانب سے احتجاج کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

ادھر ملک بھر میں پانی کی قلت سنگین مسئلہ اختیار کرچکی ہے اور چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان میاں ثاقب نثار کی جانب سے قلت آب کے مسئلے پر ازخود نوٹس بھی لیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ گزشتہ روز واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) کے چیئرمین لیفٹننٹ جنرل (ر) مزمل حسین نے سینیٹ کمیٹی کو بتایا تھا کہ اگر پاکستان مستقبل کے تباہ کن خطرات سے بچنا چاہتا ہے تو اسے اپنے کھیتی کے طریقہ کار، پانی کے استعمال کی عادت اور منصوبہ بندی میں تبدیلی کرنا ہوگی اور پانی کی متعدد اسٹوریج بنانے کے ساتھ ساتھ 1960 کے سندھ طاس معاہدے کو جارحانہ خارجہ پالیسی کا حصہ بنانا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: پانی کی کمی کی شکایات پر اے سی سی نے کمیٹی تشکیل دے دی

انہوں نے بتایا تھا کہ پاکستان پانی کی قلت کا خطرناک حد تک سامنا کرنے والے 15 ممالک میں شامل ہوچکا ہے اور ملک کو بڑھتی ہوئی آبادی کے درمیان فرق کو ختم کرنے اور بڑی تعداد میں پانی کے ذخائر کے لیے گنجائش کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے بتایا تھا کہ بھارت کے 5 ہزار 102 ڈیمز کے مقابلے میں پاکستان میں کل 155 ڈیمز ہے جبکہ بھارت کی 170 دن تک پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش کے مقابلے میں پاکستان صرف 30 دن تک پانی ذخیرہ کرسکتا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں