بولی وڈ دبنگ ہیرو سلمان خان تو ویسے بھی ان ہفتوں میں مشکل میں ہے، ان کے خلاف بھارتی ریاست راجستھان کے شہر جودھپور کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں نایاب کالے ہرن کے شکار کا کیس زیر سماعت ہے۔

20 سال پرانے اسی کیس میں سلمان خان کو رواں برس اپریل میں جودھپور کی ٹرائل عدالت نے 5 سال قید اور 10 ہزار روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی تھی۔

تاہم بعد ازاں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے ان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں جیل سے آزاد کردیا۔

اب ان کا یہی مقدمہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ جودھپور میں زیر سماعت ہے، تاہم اب ان کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کرادیا گیا۔

صرف سلمان خان ہی نہیں بلکہ ان کے ساتھ فلموں میں جلوے دکھانے والی ان کی ہیروئنز کترینہ کیف اور سوناکشی سنہا سمیت کھلاڑی ہیرو اکشے کمار، رنویر سنگھ، پربھو دیوا، گلوکار ادت نارائن، ایلکا یاگنک اور اشنا منگیشکر کے خلاف بھی فراڈ اور پیسے واپس نہ کرنے کا مقدمہ درج کرادیا گیا۔

بھارتی نشریاتی ادارے ’ڈی این اے انڈیا‘ کی رپورٹ کے مطابق تمام بھارتی اداکاروں و فنکاروں پر امریکی ریاست الینوائے کی ایک عدالت میں مقدمہ درج کرادیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق بھارتی اداکاروں و فنکاروں پر شکاگو کی ایک انٹرٹیمنٹ کمپنی ’وائبرینٹ میڈیا گروپ‘ کی جانب سے رواں ماہ 10 جون کو مقدمہ درج کروایا گیا۔

اداکاروں کو ایک تقریب میں پرفارمنس کرنی تھی—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب
اداکاروں کو ایک تقریب میں پرفارمنس کرنی تھی—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب

مقدمے کے تحت امریکی نژاد بھارتی افراد کی انٹرٹینمنٹ کمپنی نے سلمان خان، اکشے کمار، رنویر سنگھ، کترینہ کیف، سوناکشی سنہا، پربھو دیوا، ادت نارائن، ایلکا یاگنک اور اشنا منگیشکر کو ایک تقریب میں پرفارمنس کرنے کے لیے لاکھوں ڈالر ادا کیے، تاہم بعد ازاں اس تقریب کو منسوخ کردیا گیا۔

مقدمے کے دستاویزات سے پتہ چلتا ہے کہ یہ تقریب امریکا میں 2013 میں ایک ایسے موقع پر منعقد ہونا تھی، جب دنیا بھر میں بھارتی سینما کے 100 سالوں کا جشن منایا جا رہا تھا۔

رپورٹ کے مطابق یہ تقریب یکم ستمبر 2013 کو ہونا تھی، تاہم سلمان خان کو نایاب کالے ہرن کے شکار کے کیس میں بھارت سے باہر جانے کی اجازت نہیں ملی، جس وجہ سے اداکار اور انٹرٹینمنٹ کمپنی نے باہمی رضامندی سے اس تقریب کو منسوخ کیا۔

اداکاروں نے تاحال اس حوالے سے کوئی بیان نہیں دیا—فائل فوٹو: سائنستان
اداکاروں نے تاحال اس حوالے سے کوئی بیان نہیں دیا—فائل فوٹو: سائنستان

مقدمے کے دستاویزات سے پتہ چلتا ہے کہ انٹرٹینمنٹ کمپنی نے سلمان خان کو اس تقریب میں پرفارمنس کرنے کے لیے 2 لاکھ ڈالر، کترینہ کیف کو 40 ہزار جب کہ سوناکشی سنہا کو 36 ہزار ڈالر کی رقم ایڈوانس فراہم کی۔

رپورٹ کے مطابق کمپنی نے اکشے کمار سمیت دیگر اداکاروں کو بھی بھاری رقم ادا کی اور مجموعی طور پر کمپنی نے بھارتی اداکاروں و فنکاروں کو 10 لاکھ ڈالر کی خطیر رقم دی، جو آج تک کمپنی کو واپس نہیں کی گئی۔

مقدمہ درج کرواتے ہوئے کمپنی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ اب انٹرٹینمنٹ کمپنی کو پتہ چلا ہے کہ تمام اداکار کسی اور کمپنی کے ساتھ کام کرنے کو تو تیار ہیں، تاہم اسے اپنی رقم واپس نہیں کرتے۔

کمپنی نے بھارتی اداکاروں و فنکاروں پر فراڈ اور رقم واپس نہ کرنے کا مقدمہ درج کیا ہے، تاہم تاحال یہ پتہ نہیں چل سکا کہ عدالت نے اداکاروں و فنکاروں کو نوٹس بھجوائے ہیں یا نہیں۔

دوسری جانب تاحال کسی بھی اداکار اور فنکار نے اس حوالے سے کوئی وضاحتی بیان بھی جاری نہیں کیا۔

اداکاروں پر لاکھوں ڈالر ہڑپ کر جانے کا الزام ہے—فائل فوٹو: بولی وڈ لائف
اداکاروں پر لاکھوں ڈالر ہڑپ کر جانے کا الزام ہے—فائل فوٹو: بولی وڈ لائف

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں