فیس بک کے بانی مارک زکربرگ اس سوشل میڈیا ویب سائٹ کو صارفین کے لیے مفت قرار دیتے ہیں، مگر وہ ہر ممکن ذریعے سے پیسے کمانے کے بھی خواہشمند ہیں اور بہت جلد لوگوں کو بھی ماہانہ فیس ادا کرنا پڑسکتی ہے۔

اس کی تفصیل میں جانے سے پہلے یہ بتائیں کہ کیا آپ کسی فیس بک گروپ کے رکن ہیں؟ لگ بھگ ہر صارف ہی کسی نہ کسی فیس بک گروپ کا رکن ضرور ہوتا ہے۔

درحقیقت گروپس فیس بک کے چند مقبول ترین فیچرز میں سے ایک ہے ، کیونکہ اس میں لوگ اپنے مشاغل یا اپنے علاقے، شہر یا ملک کے بارے میں بات کرنے کے لیے اکٹھے ہوتے ہیں۔

مزید پڑھیں : فیس بک کے سامنے آپ کا کوئی راز چھپا نہیں

اور اب یہ کمپنی بہت جلد گروپس کے اراکین سے پیسے کمانے کے منصوبے پر کام کرنے والی ہے۔

جی ہاں بہت جلد ماہانہ بنیادوں پر فیس کے عوض گروپ سبسکرائپشن کی آزمائش فیس بک کی جانب سے شروع کی جارہی ہے۔

فیس بک انتظامیہ کی جانب سے آغاز میں مخصوص گروپس چلانے والے افراد کو اراکین سے 5 سے 29 ڈالرز (500 روپے سے 3 ہزار پاکستانی روپے سے زائد کے درمیان) فیس لینے کی اجازت دی جائے گی، جس کے بدلے انہیں خاص مواد تک رسائی دی جائے گی۔

فیس بک کی جانب سے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا ' ہم نے گروپ ایڈمنز سے جانا تھا کہ وہ پیسے کمانے اور اپنے اراکین کی انگیج منٹ بہتر بنانے کے لیے مختلف ذرائع دیکھ رہے ہیں، اسی کو دیکھتے ہوئے سبسکرپشن گروپس کے منصوبے کی آزمائش مخصوص گروپس میں شروع کی جارہی ہے'۔

یہ بھی پڑھیں : فیس بک پر کتنی ایپس کو آپ کے ڈیٹا تک رسائی حاصل ہے؟

یہ پہلا موقع نہیں جب فیس بک کی جانب سے سبسکرائپشن سروس کا تجزہ کیا جارہا ہے۔

رواں سال مارچ میں فیس بک کی جانب سے کہا گیا تھا کہ اس پلیٹ فارم پر لوگوں کو اپنا مواد بنانے کے حوالے سے مدد فراہم کی جائے گی تاکہ وہ اپنے کام سے پیسے کماسکیں۔

فیس بک کی جانب سے گروپس فیس کے حوالے سے فی الحال کوئی وقت تو نہیں دیا گیا، تاہم امکان ہے کہ آئندہ چند ماہ تک آزمائشی مراحل کے بعد اسے دنیا بھر میں متعارف کرایا جاسکتا ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

یمین الاسلام زبیری Jun 21, 2018 09:42pm
اس وقت سیل فونوں پر ٹیکسٹنگ فیس بک سے کہیں زیادہ ہورہی ہے اور چونکہ سیل فون ہر وقت جیب میں رہتا ہے اس لیے یہ بنسبت زیادہ فعال اور زیادہ دسترس میں ہے۔ یہ فیس بک کے لیے برا وقت ہے کوئی بھی فیس فیس بک سے دلوں کو اچاٹ کر دے گی۔