انتخابات 2018 میں حصہ لینے والے امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی کے ساتھ جمع کرائے گئے اثاثوں کے بعد ٹیکس کی تفصیلات بھی سامنے آگئی ہیں جہاں شہباز شریف نے ایک کروڑ سے زائد جبکہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے ایک روپیہ بھی ٹیکس کی مد میں ادا نہیں کیا۔

ڈان نیوز کو موصول ہونے والی ٹیکس دستاویزات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے 1 کروڑ 2 لاکھ روپے، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان نے 1 لاکھ 48 ہزار روپے ٹیکس ادا کیے۔

الیکشن کمیشن میں جمع کرائی گئیں دستاویزات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ کے رہنما جاوید ہاشمی نے صرف 6 ہزار روپے اور ملتان سے تعلق رکھنے والے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے ایک روپیہ بھی ٹیکس کے طور پر ادا نہیں کیا۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے 31 لاکھ 12 ہزار روپے اور پی پی پی رہنما سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے 2 لاکھ 7 ہزار روپے ٹیکس ادا کیے۔

یہ بھی پڑھیں: مظفر گڑھ کا آزاد امیدوار 4 کھرب 3 ارب روپے کے اثاثوں کا مالک

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے 2 لاکھ 89 ہزار روپے اور سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے اپنے کاغذات میں 15 لاکھ 89 ہزار روپے کی ٹیکس ادائیگی ظاہر کی۔

لاہور سے قومی اسمبلی کی نشست پر انتخاب لڑنے والی سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے 41 ہزار روپے اور شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز نے 82 لاکھ 68 ہزار روپے ٹیکس ادا کیا۔

مزید پڑھیں:زرداری اور بلاول کے اثاثہ جات کی تفصیلات سامنے آگئیں

دستاویزات کے مطابق سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف نے 39 لاکھ 61 ہزار روپے، سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے 52 لاکھ 24 ہزار روپے، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے 7 لاکھ 3 ہزار روپے اور پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی نے 7 لاکھ 81 ہزار روپے ٹیکس اد کیا۔

عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی کے ساتھ جمع کرائی گئیں ٹیکس دستاویزات کے مطابق سابق وزیراعلی پنجاب پرویز الہی نے 21 لاکھ 30 ہزار روپے اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے 3 لاکھ 72 ہزار روپے ٹیکس ادا کیا۔

خیال رہے کہ امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی کےساتھ جمع کرائے گئے اثاثوں کی تفصیلات بھی سامنے آرہی ہیں جہاں کئی امیدواروں کی ملک سے باہر بھی جائیداد موجود ہے اور سرمایہ کاری بھی کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سراج الحق 29 لاکھ روپے کے مالک، اثاثوں کی تفصیلات سامنے آگئیں

صوبہ پنجاب کے شہر مظفر گڑھ میں ایک آزاد امیدوار محمد حسین منا شیخ نے اپنے کاغذات نامزدگی میں کھربوں روپے کے اثاثے ظاہر کردیے ہیں۔

محمد حسین منا شیخ کی جانب سے ظاہر کیے گئے اثاثوں کی مالیت 4 کھرب 3 ارب 11 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔

خیال رہے کہ مظفر گڑھ سے آزاد امیدوار محمد حسین کی جانب سے کاغذات نامزدگی میں ظاہر کیے گئے اثاثے اب تک کے سب سے زیادہ مالیت کے اثاثے ہیں۔

محمد حسین کی جانب سے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی کے مطابق کھربوں روپے اثاثوں کے باجود انھوں نے ایک روپیہ بھی ٹیکس ادا نہیں کیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں