پشاور: امیر جماعت اسلامی پاکستان اور سینیٹر سراج الحق کے اثاثوں کی تفصیلات سامنے آگئیں۔

الیکشن کمیشن کو جمع کرائی گئی تفصیلات میں سینیٹر سراج الحق کے کل اثاثوں کی مالیت 29 لاکھ روپے ہے۔

امیر جماعت اسلامی کے اثاثوں کی تفصیلات کے مطابق ان کے نام 3 بینک اکائونٹس ہیں جبکہ ایک اکائونٹ ان کی اہلیہ اور ایک بیٹے کے نام پر ہے، اس طرح مجموعی طور پر ان کے5 بینک اکائونٹس میں 18 لاکھ روپے سے زائد رقم موجود ہے جبکہ اس کے علاوہ ساڑھے 4 تولے زیور، 12 کینال مشترکہ زمین بھی شامل ہے۔

اس کے علاوہ امیر جماعت اسلامی ضلع دیر میں ایک نجی اسکول میں حصے دار بھی ہیں۔

تاہم حیران کن بات یہ ہے کہ خیبرپختونخوا کے 2 مرتبہ وزیر خزانہ رہنے کے باوجود سینیٹر سراج الحق کے پاس اپنی کوئی ذاتی گاڑی موجود نہیں ہے۔

اسی طرح اثاثوں کی تفصیلات میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ امیر جماعت اسلامی کا بیرون ملک کوئی اثاثہ نہیں ہے اور وہ بینک ڈیفالٹر بھی نہیں ہیں۔

خیال رہے کہ 2013 کے عام انتخابات کے بعد صوبہ خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت میں جماعت اسلامی کے رہنما سراج الحق کو وزیر خزانہ مقرر کیا گیا تھا۔

تاہم 2014 میں جماعت اسلامی کی امارت کا منصب سنبھالنے کے بعد انہوں نے صوبائی وزیر خزانہ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں