بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی کی پولیس کا کہنا ہے کہ اتوار کے روز ان کو ایک گھر میں ایک ہی خاندان کی 11 لاشیں پراسرار حالت میں ملی ہیں جن میں سے 10 لاشوں کی آنکھوں پر پٹی بندھی تھی اور وہ چھت سے لٹکی ہوئی تھیں۔

پولیس افسر ونیت کمار کا کہنا تھا کہ ہلاک افراد ایک ہی خاندان کے تھے اور ان میں سے زیادہ تر افراد نئی دہلی کے شمالی علاقے میں واقع براری گاؤں کے ایک ہی گھر میں رہائش پذیر تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے تاہم خودکشی کے حوالے سے کوئی نوٹ نہیں ملا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ لاشوں پر گولیوں کے نشان بھی نہیں تھے اور گھر میں کسی کے زبردستی داخل ہونے کے بھی کوئی شواہد نہیں ملے ہیں۔

ایک اور پولیس حکام نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ 10 افراد کی لاشیں لوہے جالی سے لٹکی ہوئی تھیں جبکہ 70 سالہ خاتون کی لاش زمین پر تھی۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ہلاک ہونے والا خاندان دو دہائیوں سے اس ہی گھر میں مقیم تھا جبکہ یہ گھر لکڑیوں کا اور ڈیری مصنوعات کا کاروبار کرنے والے شخص کی ملکیت تھی۔

اخبار کے مطابق صبح 8 بجے کے قریب ان کے پڑوسی نے اس شخص جو روزانہ اپنے پڑوسی کے ساتھ چہل قدمی کے لیے جایا کرتا تھا نے اس کے گھر کا رخ کیا تو گھر کا دروازہ کھلا تھا اور گھر میں اس کاروباری شخص سمیت 10 افراد کی لاشیں لٹکی ہوئی تھیں جس کے بعد اس نے علاقہ مکینوں کو جمع کیا اور انہوں نے پولیس کو اطلاع دی۔

نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجروال نے جائے وقوع کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ انتہائی افسوسناک سانحہ ہے، پولیس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے اور ہمیں تحقیقاتی رپورٹ کا انتظار ہے‘۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں