سیاسی عدم برداشت کی پہچان سمجھے جانے والے کراچی میں گزشتہ روز اس وقت حیران کن اور مثبت پیش رفت دیکھنے کو ملی جب جماعت اسلامی کے سینئر رہنما ڈاکٹر اسامہ رضی کی امامت میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے سینئر رہنما علی رضا عابدی نے نماز مغرب ادا کی۔

گزشتہ روز گلشن اقبال میں واقع حکیم سعید پارک سے متصل ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام کی ریکارڈنگ جاری تھی، جس میں حصہ لینے کے لیے پاکستان تحریک انصاف، متحدہ مجلس عمل، متحدہ قومی موومنٹ اور پاکستان پیپلز پارٹی سمیت دیگر جماعتوں کے انتخابی امیدوار، رہنماوں اور کارکنان کی بڑی تعداد جمع تھی۔

وہاں موجود جوشیلے کارکنان جہاں جذبات کی رو میں بہہ کر اپنی سیاسی جماعتوں کے حق میں نعرے لگا رہے تھے، وہیں مخالفین کو زیر کرنے کی بھی کوشش کر رہے تھے، لیکن اس وقت سماں مکمل طور پر تبدیل ہوگیا، جب مغرب کی اذان شروع ہوئی، کیونکہ تھوڑی ہی دیر بعد وہاں اچانک نماز کی تیاری شروع ہوگئی اور ڈاکٹر اسامہ رضی کی امامت میں تمام جماعتوں کے رہنماوں اور کارکنان نے سارے اختلاف کو ایک طرف رکھتے ہوئے ایک ہی صف میں کھڑے ہو کر نماز پڑھی۔

اس عمل کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر خوب پذیرائی ملی اور لوگوں نے نہ صرف اس عمل کو خوش آئند قرار دیا بلکہ اس امید کا بھی اظہار کیا کہ کراچی میں یہ فضا یونہی قائم و دائم رہے۔

یہاں یہ بات بھی اہمیت کی حامل ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ اور جماعت اسلامی کے درمیان 80ء کی دہائی سے شدید سیاسی اختلاف موجود ہیں، اور یوں ایک دوسرے کا احترام کرکے دونوں جماعتوں کے رہنماوں نے یقیناً عوام کو مثبت پیغام دیا ہے۔

ڈاکٹر اسامہ رضی این اے 243 سے متحدہ مجلس عمل کے قومی اسمبلی کے امیدوار ہیں۔ اسامہ رضی کی رہائش اسی حلقے یعنی گلشن اقبال میں ہے۔ انہوں نے ماسٹرز اور تقریری مقابلوں میں جہاں گولڈ میڈل حاصل کیا ہے، وہیں جامعہ کراچی سے اسلامک اسٹڈیز میں پی ایچ ڈی بھی کی ہوئی ہے۔

سیاست کے ساتھ ساتھ انہوں نے صحافت کے میدان میں بھی اپنی خدمات انجام دی ہیں۔ ڈاکٹر اسامہ رضی ہفتہ روزہ میگزین کے ایڈیٹر رہنے کے ساتھ ساتھ مشہور و معروف چینل ’NTM‘ میں بطور سینئر پروڈیسر بھی اپنی ذمہ داریان سرانجام دے چکے ہیں۔ صحافت کے میدان میں ہونے کی وجہ سے APNS اور CPNE کے ممبر بھی رہے ہیں۔

اسی طرف علی رضا عابدی بھی حلقہ این اے 43 سے ایم کیو ایم کے قومی اسمبلی کے امیدوار ہیں، علی رضا عابدی کی رہائش ڈیفنس میں ہے، جبکہ انہوں نے امریکا سے ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی ہے اور کلفٹن میں اپنا ریسٹورنٹ بھی چلاتے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں