پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی الیکشن میں جیت کے بعد پورا ملک ان کی کامیابی پر خوشیاں منا رہا ہے۔

اس دوران 2012 میں سامنے آنے والی ایک ویڈیو دوبارہ وائرل ہوگئی، جس میں عمران خان ہندوستان میں ایک چینل کی تقریب میں موجود ہیں۔

اس ویڈیو میں عمران خان ہیڈلائنز ٹوڈے کے پروگرام ایجنڈا آج تک میں میزبان راہول کنول کے ساتھ بات کرتے ہوئے نظر آئے۔

ایونٹ میں عمران خان نے پاک بھارت تعلقات اور سیاست کے حوالے سے کئی سوالات کے جوابات دیے۔

ایونٹ میں بہت سی مشہور شخصیات موجود تھیں، جن میں بولی وڈ اداکار عامر خان اور پاکستانی گلوکار و اداکار علی ظفر بھی موجود تھے۔

ویڈیو میں عامر خان نے عمران خان سے الیکشن جیتنے کے بعد پاکستان آنے کا وعدہ کیا تھا، جسے یقیناً اب پورا کرنے کا وقت آچکا ہے۔

ایونٹ میں عامر خان نے عمران خان کو سراہاتے ہوئے کہا کہ انہوں نے تمام سوالات کے جوابات بہت مثبت انداز میں دیے، اور وہ امید کرتے ہیں کہ جو امیدیں عمران خان کو پاکستان کے لیے ہیں وہ سب پوری ہوسکیں۔

مزید پڑھیں: غیر حتمی سرکاری نتائج جاری، پی ٹی آئی کو 110 نشستوں کی برتری حاصل

عامر خان نے یہ بھی کہا کہ بہت سے لوگ عمران خان کو اپنا آئیڈیل سمجھتے ہیں۔

عمران خان نے عامر خان کو 2013 کے انتخابات سے قبل پاکستان آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ’آپ پاکستان آنا نہیں بھولے گا‘۔

اس پر عامر خان کا کہنا تھا کہ ’جب آپ الیکشن جیتیں گے تو آپ کی جیت کا جشن منانے میں پاکستان ضرور آؤں گا، اور میں اکیلے نہیں بلکہ بہت سارے ہندوستانیوں کو اپنے ساتھ لے کر آؤں گا‘۔

یہ ویڈیو 2013 کے الیکشنز سے قبل کی تھی، جب عمران خان اپنی سیاسی مہم جوش و خروش سے جاری رکھے ہوئے تھے۔

یاد رہے کہ 2013 میں مسلم لیگ ن نے انتخابات جیت کر حکومت بنائی تھی، تاہم اس سال پاکستان تحریک انصاف سب سے زیادہ ووٹس لے کر آگے رہی۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کے نئے پاکستان کیلئے نئے وعدے

امید ہے عامر خان اپنا وعدہ پورا کرتے ہوئے پاکستان ضرور آئیں اور عمران خان کے ساتھ ساتھ یہاں موجود اپنے لاکھوں مداحوں سے ملاقات کریں۔

اس دوران علی ظفر نے بھی عمران خان نے پاک بھارت تعلقات کو بہتر بنانے کے حوالے سے ان کے اقدامات پر سوال اٹھایا تھا۔

جس پر عمران خان نے کہا کہ اگر بھارت اور پاکستان کے درمیان تجارت شروع ہوجائے تو اس کے بہت سے فائدے ہوں گے اور اس حوالے سے بہت سی پالیسیاں تیار کی جارہی ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز انتخابات میں برتری حاصل کرنے کے بعد عمران خان نے قوم سے پہلی مرتبہ خطاب کیا۔

اس دوران عمران خان کا کہنا تھا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان تعلقات بہتر ہونے چاہئیں اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو بھی فروغ ملنا چاہیے۔

مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ایک دوسرے کو موردِ الزام ٹھہرانے کے بجائے دونوں ممالک کو چاہیے کہ وہ اس مسئلے کو بات چیت کے ذریعے حل کریں۔

انہوں نے زور دیا کہ دونوں ممالک کے بہتر تعلقات دونوں ممالک سمیت خطے کے لیے انتہائی اہم ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں