اقوامِ متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان سے ان کی رہائش گاہ بنی گالا میں ملاقات کی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے چیئرمین پی ٹی آئی کو انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد دی۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور اقوامِ متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب کے درمیان عالمی امور اور عالمی سطح پر پاکستان کے کردار پر بات چیت ہوئی۔

مزید پڑھیں: ’بھارت، کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئےتصویر کے پیچھے چھپ رہا ہے‘

یاد رہے کہ ڈاکٹر ملیحہ لودھی کو حکومتِ پاکستان نے فروری 2015 میں اقوامِ متحدہ میں مستقل مندوب تعینات کیا گیا تھا اور انہوں نے اسلام آباد کی جانب سے پہلی خاتوں مندوب ہونے کا اعزاز بھی حاصل کیا تھا۔

ڈاکٹر ملیحہ لودھی اس سے قبل 1993 سے 1996 اور 1999 سے 2002 تک امریکا میں پاکستانی سفیر اور 2003 سے 2008 تک برطانیہ میں ہائی کمشنر کے فرائض بھی انجام دے چکی ہیں۔

پی ٹی آئی نے 25 جولائی کے عام انتخابات میں واضح اکثریت حاصل کی جس کے بعد خیال ظاہر کیا جارہا ہے کہ نئی منتخب حکومت سفارتی سطح پر بھی تبدیلیاں عمل لائے گی اور متعدد سفیروں کو واپس بھی بلایا جا سکتا ہے تاہم اس حوالے سے حتمی طور پر کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔

عمران خان نے 6 اگست کو پارٹی کا اجلاس طلب کیا ہے جہاں متوقع طور پر حکومت سازی کے حوالے سے حتمی فیصلے کیے جائیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں