لوگ صرف پاکستانی نژاد برطانوی باکسرعامر خان اور بولی وڈ اداکارمسٹرپرفیکشنسٹ عامر خان کو پہچاننے میں غلطی نہیں کرتے۔

بلکہ اب کئی لوگوں نے غلطی سے بولی وڈ اداکار عمران خان کو بھی پاکستان کا ہونے والا وزیراعظم عمران خان سمجھ بیٹھے ہیں اورانہیں نہ صرف مبارک باد کے پیغامات بھیج رہے ہیں بلکہ ان کی ٹیم میں شامل ہونے کی خواہش بھی ظاہر کر رہے ہیں۔

جی ہاں، کچھ پاکستانی افراد نے بھارت کے 35 سالہ اداکار عمران خان کو ای میل اور سوشل سائٹس پر انتخابات میں کامیابی اور ملک کے ہونے والے وزیر اعظم کی مبارک باد دی ہے۔

یہ دلچسپ انکشاف خود بولی وڈ اداکار عمران خان نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے کیا اور بتایا کہ کس طرح ایک پاکستانی شخص نے انہیں اپنے ملک کا ہونے والا وزیر اعظم سمجھ کر پیغامات بھیجا۔

بولی وڈ اداکار نے پاکستانی شخص کی جانب سے ملنے والی ای میل کا اسکرین شاٹ انسٹاگرام پر شیئر کیا۔

پاکستانی شخص کی جانب سے عمران خان کو اردو اور انگریزی میں پیغام بھیجا گیا، جس میں انہوں نے پاکستان کے ہونے والے وزیر اعظم کو مبارک باد دیتے ہوئے ان کی ٹیم میں شامل ہونے کی خواہش کا اظہار کیا۔

اداکار کی جانب سے شیئر کی گئی پوسٹ میں پڑھا جاسکتا ہے کہ پاکستانی شخص نے انہیں وزیراعظم عمران خان صاحب سمجھ کر اپنے دل کی بات کہہ ڈالی۔

پوسٹ میں پاکستانی شخص نے لکھا کہ ایک اچھا رہنما بر وقت اچھے فیصلے کرتا ہے اور وہ اپنے دیرینہ دوستوں اور سپورٹرز کو پہچانتا ہے، ساتھ ہی وہ اپنے قابل بھروسہ افراد کی ٹیم بناتا ہے۔

پوسٹ میں پڑھا جاسکتا ہے کہ پیغام بھیجنے والے شخص نے عمران خان کو کہا کہ اب 10 سال تک نظام وہیں چلائیں گے اور ان کی پہلے دن سے یہ خواہش رہی ہے کہ وہ ان کی ٹیم میں شامل ہوں۔

ساتھ ہی اداکار نے اردو میں ملنے والے پیغام کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا۔

اردو میں بھیجے گئے پیغام میں عمران خان کو مخاطب ہوتے ہوئے الیکشن میں جیت کی مبارک باد دی گئی، ساتھ ہی کہا گیا کہ وہ ان کا زیادہ وقت نہیں لیں گے۔

اداکار نے بھی مبارک باد کا ملنے والا پیغام شیئر کرتے ہوئے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ کہ وہ ایسے پیغامات ملنے کے بعد کوئی قدم اٹھائے بغیر نہیں رہ سکتے، اس لیے انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ بھی پالیسی کے مسودے بنانے پر کام شروع کرتے ہیں۔

عمران خان کو ایک بیٹی بھی ہے—فوٹو: اداکار انسٹاگرام
عمران خان کو ایک بیٹی بھی ہے—فوٹو: اداکار انسٹاگرام

ساتھ ہی اداکار نے بتایا کہ وہ اس صورتحال کی اپ ڈیٹ سے مداحوں کو آگاہ کریں گے۔

خیال رہے کہ بولی وڈ اداکار عمران خان اداکار عامر خان کے بھانجے ہیں انہوں نے 1998 میں عامر خان کی ہی فلم ‘قیامت سے قیامت تک’ سے بطور چائلڈ آرٹسٹ اداکاری کا آغاز کیا۔

انہوں نے اب تک 16 سے زائد فلموں میں ایکشن دکھائے، ان کی کامیاب ترین فلموں میں ‘جانے تو یا جانے نہ، جھوٹا ہی سہی، دلہی بیلے، میرے برادر کی دلہن، ایک میں اور ایک تو، مترو کی بجلی کا من ڈولا اور کٹی بٹی’ شامل ہیں۔

35 سالہ عمران خان نے 2011 میں اوانتیکا ملک سے شادی کی اور 2014 میں جوڑے کے ہاں بچی پیدا ہوئی جس کا نام عمارہ ملک رکھا گیا۔

عمران خان نے 2011 میں اوانیکا سے شادی کی—فوٹو: اوانیکا ملک انسٹاگرام
عمران خان نے 2011 میں اوانیکا سے شادی کی—فوٹو: اوانیکا ملک انسٹاگرام

تبصرے (1) بند ہیں

seher Aug 07, 2018 04:42pm
hahaha.funny response by imran khan