‘سنجو’ میں حقائق چھپانے پر راج کمار ہیرانی نے خاموشی توڑ دی

‘سنجو’ میں رنبیر کپور نے سنجے دت کا کردار ادا کیا تھا—فوٹو: انڈین ایکسپریس
‘سنجو’ میں رنبیر کپور نے سنجے دت کا کردار ادا کیا تھا—فوٹو: انڈین ایکسپریس

بولی وڈ کے بابا سنجے دت کی زندگی پر بنائی گئی فلم ‘سنجو’ کو رواں برس 29 جون کو ریلیز کیا گیا تھا، جس نے ریکارڈ کمائی کرتے ہوئی بڑی بڑی فلموں کو پیچھے چھوڑ دیا تھا۔

اس فلم کی کامیابی کے بعد جہاں بولی وڈ میں بائیوگرافی فلمیں بنانے کا رجحان چل پڑا، وہیں کئی فلمی ناقدین نے ‘سنجو’ میں حقائق کو چھپانے یا توڑ مروڑ کر پیش کرنے کے الزامات بھی عائد کیے۔

نوبت یہاں تک آ پہنچیں کہ بولی وڈ کے فلم ساز رام گوپال ورما نے سنجے دت کی زندگی کے اصل حقائق پر بھی فلم بنانے کا اعلان کیا۔

رام گوپال ورما کے مطابق راج کمار ہیرانی کی فلم ‘سنجو’ میں کئی حقائق کو چھپایا گیا اور کچھ کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا۔

‘سنجو’ میں میڈیا کے کردار کو بھی منفی دکھانے پر راج کمار ہیرانی کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور کہا گیا کہ فلم کے ذریعے یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی ہے کہ سنجے دت نے زندگی میں کوئی برا کام نہیں کیا بلکہ بھارتی میڈیا نے ان کے خلاف غلط اور پروپیگنڈا پر مبنی رپورٹس شائع کرکے اسے دلدل میں دھکیل دیا۔

یہ بھی پڑھیں: ’سنجو‘ حقیقت کو سامنے لانے والی فلم‘

فلم ساز پر فلم میں اور بھی کئی حقائق کو چھپاکر سنجے دت کو بے قصور اور دودھ کا دھلا ہوا دکھانے کی کوشش جیسے الزامات لگائے گئے، جن پر اب انہوں نے خاموشی توڑتے ہوئے مخالفین کو کرارا جواب دیا ہے۔

رنبیر کپور کی اداکاری کو سرایا گیا تھا—اسکرین شاٹ
رنبیر کپور کی اداکاری کو سرایا گیا تھا—اسکرین شاٹ

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق آسٹریلوی شہر میلبورن میں منعقد انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف میلبورن (آئی ایف ایف ایم) میں ایک تقریب کے دوران راج کمار ہیرانی اور فلم کے شریک لکھاری ابھیجیت جوشی نے ان الزامات کو مسترد کردیا کہ انہوں نے فلم کے ذریعے سنجے دت کو دودھ کا دھلا ہوا دکھانے کی کوشش کی۔

راج کمار ہیرانی نے میزبان کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے اس بات سے انکار کیا کہ انہوں نے ‘سنجو’ یکطرفہ بنا کر سنجے دت کو بے قصور دکھانے کی کوشش کی۔

انہوں نے ان الزامات کو بھی مسترد کردیا کہ انہوں نے ‘سنجو’ میں بھارتی میڈیا کو نشانہ بنایا۔

مزید پڑھیں: ’سنجو‘ نے لوگوں کو کتنا متاثر کیا؟

راج کمار ہیرانی نے وضاحت کی کہ جس طرح کسی فلم میں ایک پولیس افسر کو کرپٹ اور جرائم پیش دکھایا جاتا ہے، اسی طرح ‘سنجو’ میں بھی کچھ میڈیا اداروں کو غلط اور پروپیگنڈا کرنے والے ادارے کے طور پر دکھایا گیا، جس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ پورا میڈیا ایک جیسا ہے۔

دیا مرزا سنجے دت کی بیوی کے روپ میں نظر آئی تھیں—اسکرین شاٹ
دیا مرزا سنجے دت کی بیوی کے روپ میں نظر آئی تھیں—اسکرین شاٹ

فلم ساز کے مطابق انہوں نے فلم میں یہ بھی دکھایا ہے کہ سنجے دت نے اپنے گھر میں اسلحہ رکھا اور اس کا اقرار بھی کیا۔

راج کمار ہیرانی نے بتایا کہ انہوں نے فلم میں یہ تک دکھایا ہے کہ سنجے دت کی 308 خواتین دوست تھیں اور وہ اپنے ہی قریبی دوست کی خاتون دوست کے ساتھ بھی سیکس کرتا ہے تو پھر یہ الزام کیوں لگایا جا رہا ہے کہ فلم میں اداکار کو شریف اور بے قصور دکھانے کی کوشش کی گئی؟

راج کمار ہیرانی اور ابھیجیت جوشی نے ان الزامات کو بھی مسترد کیا کہ انہوں نے یہ فلم محض پیسے کمانے کے لیے بنائی۔

ابھیجیت جوشی نے وضاحت کی کہ اگر پیسے کمانا ہی ان کا ایجنڈا ہوتا تو وہ منا بھائی ایم بی بی ایس کی ایک کے بعد ایک فلم بناکر اب تک 5 فلمیں بنا چکے ہوتے اور وہ اب تک تھری ایڈیئیٹس کی بھی اب تک مزید 4 اور فلمیں بنا چکے ہوتے۔

سونم کپور نے سنجے دت کی گرل فرینڈ کا کردار نبھایا تھا—اسکرین شاٹ
سونم کپور نے سنجے دت کی گرل فرینڈ کا کردار نبھایا تھا—اسکرین شاٹ

راج کمار ہیرانی اور ابھیجیت جوشی نے واضح کیا کہ انہوں نے ‘سجو’ کے ذریعے سنجے دت کو شریف یا بے قصور دکھا کر ان کے خلاف لگے الزامات کو جھوٹا قرار دینے کی کوشش نہیں کی، بلکہ انہوں نے فلم میں اداکار کے جرائم اور غلط باتوں کو بھی دکھایا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’سنجو‘: شخصیت کو مثبت پیش کرنے کی کوشش؟

خیال رہے کہ ‘سنجو’ نے اب تک 500 کروڑ روپے سے زائد کی کمائی کی ہے اور اس فلم نے کئی فلموں کی کمائی کے ریکارڈ بھی توڑ دیے۔

فلم میں رنبیر کپور نے سنجے دت کا کردار ادا کیا تھا، دیا مرزا نے ان کی اہلیہ جب کہ پریش راول نے ان کی والدہ کا کردار ادا کیا تھا۔

فلم میں منیشہ کوئرالہ سنجے دت کی والدہ بنی تھیں جب کہ سونم کپور ان کی گرل فرینڈ کے روپ میں نظر آئیں تھیں۔

انوشکا شرما نے فلم میں لکھاری کا کردار ادا کیا تھا، جو سنجے دت کی زندگی پر کتاب لکھ کر سچائی کو سامنے لاتی ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں