بھارت کی حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر امیت شاہ یومِ آزادی کے موقع پر پرچم لہرانے کے بجائے گرا بیٹھے۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارت کے یومِ آزادی کے موقع پر نئی دہلی میں بی جے پی کے مرکزی دفتر میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی گئی جہاں پارٹی کے صدر امیت شاہ کو اس وقت خفت کا سامنا کرنا پڑا، جب انہوں نے ملک کا پرچم لہرانے کی کوشش میں اسے نیچے گرا دیا۔

امیت شاہ کے بھارتی پرچم گرانے کی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ جیسے ہی پرچم لہرانے لگے وہ گر گیا، جس کے بعد انہوں نے بوکھلا کر پرچم کو دوبارہ لہرایا اور جلدی سے ڈوری سیکیورٹی گارڈ کے حوالے کردی۔

بھارت کے 72ویں یوم آزادی کی اس تقریب میں کئی پارٹی رہنما اور کارکن بھی موجود تھے۔

قبل ازیں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے لال قلعہ پر پرچم لہرایا اور عوام سے خطاب بھی کیا۔

یوم آزادی کے موقع پر حکومتی کابینہ کے اراکین نے بھی اپنی رہائش گاہوں پر پرچم لہرایا۔

تبصرے (0) بند ہیں