تہران: ایران نے مقامی طور پر تیار کردہ پہلے جنگی جہاز کی رونمائی کرادی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی 'اے ایف پی' کے مطابق چوتھی جنریشن کے 'کوثر' طیارے کی رونمائی تہران میں قومی دفاعی صنعت کی نمائش کے دوران کی گئی جس میں ایرانی صدر حسن روحانی نے بھی شرکت کی۔

ایران کے سرکاری ٹی وی پر دکھائی جانے والی تصاویر میں حسن روحانی کو جہاز کے کاک پِٹ میں بیٹھا دیکھا گیا۔

سرکاری ٹی وی کی رپورٹ میں کہا گیا کہ 'کوثر طیارہ مکمل طور پر مقامی سطح پر تیار کیا گیا ہے، جس میں ایڈوانس ایویونِکس اور کئی مقاصد کے لیے استعمال ہونے والے ریڈار کی ٹیکنالوجی بھی شامل ہے۔

— فوٹو: اے ایف پی
— فوٹو: اے ایف پی

جہاز کی عوامی سطح پر رونمائی کے بعد ایرانی صدر کا عوام سے خطاب میں کہنا تھا کہ 'جب میں دفاع کے لیے تیار رہنے کی بات کرتا ہوں تو اس کا مطلب یہ ہے کہ ہم دیرپا امن چاہتے ہیں، جبکہ اگر ہم تیار نہ ہوئے تو یہ جنگ کے استقبال کے مترادف ہوگا۔'

انہوں نے کہا کہ 'بعض لوگوں کا خیال ہے کہ جب ہم اپنی فوجی طاقت بڑھاتے ہیں تو اس کا مطلب جنگ کی خواہش کرنا ہے، حالانکہ یہ امن کی خواہش ہے کیونکہ ہم جنگ نہیں چاہتے۔'

ان کا کہنا تھا کہ 'اگر ہم نے مزاحمت نہ کی تو یہ دوسروں کے لیے ہمارے ملک میں داخل ہونے کا گرین سگنل ہوگا۔'

حسن روحانی نے ملک کے علاقائی حریفوں اور امریکا کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ 'ہمیں قوت مزاحمت کا مظاہرہ کرنا ہوگا، کیونکہ کسی ملک کے چند جملوں سے لڑائی شروع ہوسکتی ہے اور چند فوجی اقدامات تصادم کی صورتحال اختیار کر سکتے ہیں لیکن یہ قدم اٹھانا مہنگا ہوگا۔'

انہوں نے کہا کہ 'امریکا نے ہم پر اور ترکی پر اقتصادی پابندیاں کیوں عائد کیں؟ اس نے چین کو اقتصادی جنگ میں کیوں دھکیلا؟ کیونکہ اسے لگتا ہے کہ ان سب ممالک کا کوئی نہ کوئی کمزور پہلو ہے جنہیں ہمیں مضبوط کرنا ہوگا۔'

واضح رہے کہ ایران کے وزیر دفاع عامر حاتمی نے گزشتہ روز مقامی طور پر جنگی جہاز کی تیاری مکمل ہونے کا اعلان کیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں