پاکستان اور بھارت کی فلموں کا مشترکہ میلہ

اپ ڈیٹ 27 اگست 2018
میلے میں 12 فلمیں نشر کی جائیں گی—فوٹو: زی فائیو
میلے میں 12 فلمیں نشر کی جائیں گی—فوٹو: زی فائیو

پاکستان اور بھارت کے مشترکہ پروڈکشن ہاؤسز کی جانب سے بنائی گئی فلموں کی نمائش کے میلے کا آغاز ہوگیا جو رواں برس 9 نومبر تک جاری رہے گا۔

پاکستان اور بھارت کی فلموں کی نمائش کا میلا بھارت کے معروف چینل ‘زی انٹرٹینمنٹ’ کی ویڈیو اسٹریمنگ ویب سائٹ پر رواں ماہ 24 اگست سے شروع ہوا۔

’زی 5’ نامی ویڈیو اسٹریمنگ ویب سائٹ پر شروع ہونے والے پاک-بھارت فلموں کا مشترکہ میلا رواں برس 9 نومبر تک جاری رہے گا اور اس دوران صرف 12 فلمیں ہی نمائش کے لیے پیش کی جائیں گی۔

اس میلے کے دوران ہر ہفتے صرف ایک فلمیں ویڈیو اسٹریمنگ ویب سائٹ پر نشر کی جائے گی۔

مشترکہ فلمی میلے میں جو 12 فلمیں نشر کی جائیں گی، ان میں سے 6 پاکستانی جب کہ 6 بھارتی فلمیں ہیں، جو دونوں ممالک کے فلم سازوں اور پروڈکشن ہاؤسز کے تعاون سے تیار کی گئیں۔

میلے کے آغاز پر 24 اگست کو بھارتی فلم ‘ٹوبا ٹیک سنگھ’ نشر کی گئی۔

ایک گھنٹے دورانیے پر مبنی یہ فلم برصغیر کے معروف افسانہ نگار سعادت حسن منٹو کے افسانے ‘ٹوبا ٹیک سنگھ’ پر بنائی گئی ہے۔

اس فلم میں ونے پھاٹک نے سعادت حسن منٹو کا کردار ادا کیا ہے، جب کہ شاہد کپور کے والد پنکج کپور نے بشن سنگھ کا کردار ادا کیا ہے، اس کی ہدایات کیتن مہتا نے دی ہیں۔

زی فائیو فلم میلے میں درج ذیل فلمیں نشر کی جائیں گی

ٹوبا ٹیک سنگھ (بھارت)

بارش اور چاؤمن (بھارت)

سلوٹ (بھارت)

گڈو انجنیئر (بھارت)

دوبارہ (بھارت)

ساری رات (بھارت)

پاکستانی فلمیں

مومل رانو (پاکستان)

لالا بیگم (پاکستان)

چھوٹے شاہ (پاکستان)

لالو ڈاٹ کام (پاکستان)

خیمے میں مت جھانکو

تبصرے (0) بند ہیں