وزیر اعظم شہباز شریف نے ماہر قانون عرفان قادر ایڈووکیٹ کو قانونی امور کے حوالے سے اپنا کنسلٹنٹ تعینات کر دیا ہے۔

’ڈان نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے عرفان قادر کی تعیناتی کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا۔

جاری نوٹی فکیشن کے مطابق عرفان قادر کو 2 سال کے لیے کنسلٹنٹ تعینات کیا گیا ہے، وہ قانونی امور کے حوالے سے وزیر اعظم شہباز شریف کی معاونت کریں گے۔

واضح رہے کہ عرفان قادر ایڈووکیٹ سابقہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی حکومت میں بھی بطور وزیر اعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں۔

10 اکتوبر 2022 کو اس وقت کے وزیراعظم نے عرفان قادر کو احتساب اور داخلہ کا قلمدان سونپا تھا۔

بعد ازاں انہوں نے مارچ 2023 میں اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا، ان کا عہدہ وفاقی وزیر کے برابر تھا۔

عرفان قادر مختلف عدالتوں میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے متعدد اہم مقدمات کی پیروی کرچکے ہیں۔

اس کے علاوہ وہ 12 اپریل 2012 سے 7 جون 2013 تک اٹارنی جنرل فار پاکستان کے عہدے پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں