کراچی میں صبح سویرے ہونے والی بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا، تاہم دفاتر جانے والے شہریوں کو ٹریفک جام اور سڑکوں پر پھسلن کے سبب مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

شہر میں رواں برس مون سون کے سیزن کے دوران بارش نہیں ہوئی تھی، جس کے بعد آج (جمعہ) کو ہونے والی بارش سے شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور شہر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے تیز اور ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جن علاقوں میں بارش ہوئی ان میں ملیر، گلستانِ جوہر، گلشن اقبال، ناظم آباد، شیر شاہ، لسبیلہ، کلفٹن اور دیگر علاقے شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ملک میں بارشوں کے بعد پانی کے ذخائر میں بہتری

اطلاعات کے مطابق بارش کے بعد سڑکوں پر ہونے والی پھسلن کے باعث کچھ حادثات بھی رونما ہوئے جس میں کئی موٹر سائیکل سوار زخمی بھی ہوئے۔

اس ضمن میں ٹریفک پولیس کی جانب سے اعلامیہ بھی جاری کیا گیا جس میں شہریوں کو احتیاط سے ڈرائیونگ کرنے کی ہدایت کی گئی اور خاص طور پر موٹر سائیکل سواروں کو ہیلمٹ کا استعمال کرتے ہوئے محتاط طریقے سے بائیک چلانے کا کہا گیا۔

اس کے علاوہ شہر میں ٹریفک کی روانی بھی بری طرح متاثر ہوئی، جس کے باعث تعلیمی اداروں میں جانے والے طالب علموں اور دفاتر جانے والے شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

مزید پڑھیں: بھارت: سیلاب نے تباہی مچادی، ہزاروں بے گھر

بوندا باندی کا آغاز ہوتے ہی شہر کے متعدد علاقے بجلی سے محروم ہوگئے۔

ڈان نیوز کے مطابق اس حوالے سے ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا تھا کہ شہر بھر میں کے الیکٹرک کا عملہ 24 گھنٹے موجود ہے کسی بھی شکایت کی صورت میں کے الیکٹرک کے ہیلپ لائن نمبر 118 پر فوری رابطہ کریں۔

علاوہ ازیں کے-الیکٹرک نے شہریوں کے لیے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ برقی آلات کا استعمال گیلے ہاتھوں کے ساتھ نہ کریں اور شہریوں کو ٹوٹے ہوئے تاروں،بجلی کےکھمبوں اورپی ایم ٹیزسےدوررہنے کے لیے بھی کہا۔

ترجمان کے الیکٹرک کا مزید کہنا تھا کہ بارش کے موسم میں احتیاط بے حد ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جڑواں شہروں میں شدید طوفانی بارش

شہر میں موسم کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے اور دن اور رات کے اوقات میں مزید بوندا باندی بھی ہوسکتی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے اس کے علاوہ شہر میں سمندری ہواؤں کی رفتار 18 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 74 فیصد رہا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں