سلمان خان بولی وڈ کنگ شاہ رخ کے شکر گزار

ای میل

بگ باس کے میزبان کے لیے پہلی پسند شاہ رخ تھے، سلمان—اسکرین شاٹ
بگ باس کے میزبان کے لیے پہلی پسند شاہ رخ تھے، سلمان—اسکرین شاٹ

بولی وڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان نے ایک روز قبل ہی دبنگ ہیرو سلمان خان اور ان کے والد سلیم خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انکشاف کیا تھا کہ آج وہ جو بھی ہیں ان کی وجہ سے ہی ہیں۔

شاہ رخ خان نے سلمان خان کے گیم شو ‘دس کا دم تھری’ میں شرکت کے دوران انکشاف کیا کہ جب وہ 25 سال قبل نئی دہلی سے خواب لے کر ممبئی پہنچے تھے، تب سلمان خان اور ان کے والد نے ہی انہیں سہارا دیا تھا۔

شاہ رخ کے مطابق ابتدائی کیریئر میں انہوں نے ان کے گھر میں ہی رہائش اختیار کی تھی۔

شاہ رخ کے انکشاف کے ایک دن بعد ہی دبنگ ہیرو نے ان کا حساب برابر کرنے کے لیے ایک بڑا انکشاف کرتے ہوئے ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

ڈی این اے انڈیا کے مطابق اپنے ریئلٹی شو ‘بگ باس 12’ کی افتتاحی تقریب کے دوران سلمان خان نے کہا کہ وہ شاہ رخ خان اور کلرز ٹی وی کے شکر گزار ہیں۔

سلمان خان نے انکشاف کیا کہ دراصل انہیں حال ہی میں پتہ چلا ہے کہ ‘بگ باس’ کی میزبانی کے لیے وہ پہلی پسند نہیں تھے۔

دبنگ ہیرو نے انکشاف کیا کہ بگ باس کے لیے کلرز ٹی وی کی پہلی پسند شاہ رخ خان تھے، تاہم جب انہوں نے اس سے معزرت کرلی تو انہیں یہ پیش کش کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: شاہ رخ خان کو سپر اسٹار بنانے میں سلمان خان اور اس کے والد کا ہاتھ؟

سلمان خان کے مطابق انہیں حال ہی میں معلوم ہوا ہے کہ بگ باس کی میزبانی کے لیے پہلے شاہ رخ خان کو پیش کش کی گئی تھی، تاہم انہوں نے شولڈر انجری کی وجہ سے اس وقت انکار کیا تو انہیں اس شو کی میزبانی ملی۔

سلمان خان نے اس کام کے لیے شاہ رخ خان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کے انکار کی وجہ سے ہی وہ بگ باس بن پائے۔

اس دوران سلمان خان نے یہ بھی بتایا کہ ان کے ریئلٹی شو کی تھیم ’جوڑی’ ہے اور ان کی پہلی جوڑی کامیڈین اداکارہ بھارتی سنگھ اور ان کے شوہر ہرش لمباچیہ ہوں گے۔

خیال رہے کہ ‘بگ باس 12’ کی پہلی قسط رواں ماہ 16 ستمبر کو نشر کی جائے گی۔

اس بار بھی سلمان خان ہی اس کی میزبانی کر رہے ہیں، وہ مسلسل چھٹی بار اس پروگرام کے میزبانی کرنے والے پہلے اداکار بن گئے ہیں۔

گزشتہ برس انہوں نے ایک قسط کا معاوضہ 11 کروڑ روپے لیا تھا، اس بار اطلاعات ہیں کہ انہوں نے ایک قسط کا معاوضہ 12 سے 14 کروڑ روپے کے درمیان لیا ہے۔