فلم میں کام کیلئے پریانکا کی ایک ہزار منتیں؟

ای میل

اداکارہ نے تاحال خود اس حوالے سے کوئی بیان نہیں دیا—فائل فوٹو: ڈیجیٹل اسپائے
اداکارہ نے تاحال خود اس حوالے سے کوئی بیان نہیں دیا—فائل فوٹو: ڈیجیٹل اسپائے

اگرچہ بولی وڈ پگی چوپس پریانکا چوپڑا کو سلمان خان کی آنے والی فلم ‘بھارت’ کو چھوڑے ہوئے بھی کچھ ہفتے گزر چکے ہیں اور ان کی جگہ کترینہ کیف کو کاسٹ کرکے شوٹنگ بھی شروع کردی گئی ہے۔

پریانکا چوپڑا کی جانب سے فلم میں کام کرنے سے انکار کے معاملے پر اگرچہ پہلے بھی سلمان خان وضاحت کرچکے ہیں، تاہم اب ایک بار پھر انہوں نے اس حوالے سے اہم انکشاف کرکے ایک نیا محاذ کھول دیا۔

سلمان خان کے تازہ بیان کے بعد اب خیال کیا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر پریانکا چوپڑا بھی انہیں کرارا جواب دے کر اس سرد جنگ کو مزید آگے بڑھائیں گی، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق سلمان خان نے ریاست گووا میں اپنے ریئلٹی شو ‘بگ باس 12’ کے حوالے سے منعقد اہم تقریب کے بعد خصوصی گفتگو کے دوران پریانکا چوپڑا کی جانب سے ان کی فلم میں کام کرنے کے حوالے سے اہم انکشاف کیا۔

سلمان خان نے کوئی رکھ رکھاؤ کیے بغیر کہا کہ 36 سالہ اداکارہ نے خود ہی ان کی فلم ‘بھارت’ میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا اور خود ہی اس فلم کو چھوڑ کر چلی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: پریانکا چوپڑا نے ’بھارت‘ میں کام سے انکار کردیا

بولی وڈ دبنگ ہیرو نے انکشاف کیا کہ پریانکا چوپڑا نے ان کی بہن ارپیتا خان کو ایک ہزار بار فون کال کرکے انہیں منتیں کیں کہ وہ ‘بھارت’ میں کام کرنا چاہتی ہیں۔

اداکار کے مطابق پریانکا چوپڑا نے نہ صرف ان کی بہن ارپیتا خان بلکہ فلم ڈائریکٹر علی عباس ظفر کو بھی درخواست کی وہ سلمان خان کے ساتھ اس فلم میں کام کرنا چاہتی ہیں، جس کے بعد ہی انہیں کاسٹ کیا گیا۔

سلمان خان نے کہا کہ اداکارہ نے خود ہی فلم میں کام کرنے کی درخواست کی اور خود ہی فلم چھوڑ کر چلی گئیں، حالانکہ انہوں نے اور فلم کی ٹیم نے انہیں ایسا کرنے سے منع کیا۔

اداکار نے بتایا کہ انہوں نے خود پریانکا چوپڑا کو کہا کہ وہ فلم کو نہ چھوڑیں، تاہم انہوں نے کہا کہ ’انہیں شادی کرنی ہے’۔

سلمان خان کے مطابق انہوں نے پریانکا کو پیش کش کی کہ ان کی شادی کے لیے فلم کی شوٹنگ کچھ دنوں تک ملتوی کردیتے ہیں، وہ شادی کریں اور ہنی مون منائیں اور پھر واپس شوٹنگ پر آئے۔

مزید پڑھیں: پریانکا چوپڑا کے انکار پر سلمان خان نے خاموشی توڑ دی

اداکار نے بتایا کہ تاہم پریانکا چوپڑا نے ان کی بات ماننے سے انکار کرتے ہوئے فلم میں کام کرنے سے انکار کیا۔

سلمان خان کے مطابق اس کی وجہ شاید یہ تھی کہ اب اداکارہ بولی وڈ فلموں میں کام نہیں کرنا چاہتیں اور وہ ہولی وڈ میں اپنے قدم جمانا چاہتی ہیں۔

خیال رہے کہ پریانکا چوپڑا کی جانب سے فلم میں کام نہ کرنے کی تصدیق فلم کے ڈائریکٹر علی عباس ظفر نے ایک ٹوئیٹ کے ذریعے کی تھی اور انہوں نے اشارہ دیا کہ شاید اداکارہ نے اپنی منگنی اور شادی کی وجہ سے ایسا کیا۔

بعد ازاں یہ خبر سامنے آئی کہ پریانکا چوپڑا نے فلم کی ٹیم کے رویے کی وجہ سے فلم چھوڑی، کیوں کہ اداکارہ کو نہ تو مکمل معاوضہ دیا گیا اور نہ ہی ان سے پیشہ ورانہ طریقے کے تحت رویہ اختیار کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پریانکا کی جانب سے‘بھارت’میں کام نہ کرنے کی وجہ شادی نہیں

لیکن اب سلمان خان نے اس حوالے سے مزید انکشافات کرکے معاملے کو مزید الجھا دیا ہے، خیال کیا جا رہا ہے کہ جلد ہی پریانکا چوپڑا بھی اس پر اپنا رد عمل دیں گی۔

‘بھارت’ میں کام کرنے سے انکار کے بعد پریانکا چوپڑا نے گزشتہ ماہ اگست میں امریکی گلوکار نک جونس سے منگنی بھی کرلی اور امکان ہے کہ وہ رواں برس کے آخر تک شادی کرلیں گی۔

علاوہ ازیں پریانکا چوپڑا نے ایک ہولی وڈ فلم جوائن کرنے سمیت بولی وڈ فلم بھی جوائن کرلی۔

دوسری جانب سلمان خان نے پریانکا چوپڑا کی جگہ کترینہ کیف کو کاسٹ کرکے فلم بھارت کی شوٹنگ شروع کردی ہے۔