چلبل پانڈے کا پھر سے رجو کے ساتھ ‘دبنگ’ رومانس کا اعلان

11 ستمبر 2018
سلمان خان نے تیسری فلم کا اعلان کردیا—فوٹو: ٹوئٹر
سلمان خان نے تیسری فلم کا اعلان کردیا—فوٹو: ٹوئٹر

بولی وڈ کے دبنگ ہیرو سلمان خان کی ایکشن کامیڈی فلم ‘دبنگ’ کو ریلیز ہوئے 8 سال مکمل ہوگئے اور اس کے سیکوئل کو بھی ریلیز ہوئے 6 سال مکمل ہوگئے۔

تاہم تاحال اس فلم کی تیسری فلم سامنے نہیں آئی۔

اگرچہ سیریز کی تیسری فلم کے بنانے کی خبریں گزشتہ 2 سال سے سامنے آتی رہی ہیں، تاہم اس حوالے سے کوئی بھی تصدیق یا وضاحت نہیں کی گئی تھی کہ ‘دبنگ تھری’ کب تک ریلیز کی جائے گی۔

پہلے یہ خیال کیا جا رہا تھا کہ ‘دبنگ تھری’ کو 2017 میں ہی ریلیز کیا جائے گا، تاہم اسے 2018 میں بھی ریلیز نہیں کیا جاسکا۔

یہ اطلاعات بھی تھیں کہ ممکنہ طور پر‘دبنگ تھری’ کی شوٹنگ رواں برس کے آخر تک شروع کی جائے گی اور اسے 2019 کے وسط تک ریلیز کردیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ’دبنگ تھری‘ تاخیر کا شکار

تاہم اب فلم کے ہیرو سلمان خان نے ہی تمام چہ مگوئیوں کو ختم کرتے ہوئے تیسری فلم بنانے اور اسے ریلیز کرنے کا اعلان بھی کردیا۔

سلمان خان نے ‘دبنگ’ کو 8 سال مکمل ہونے پر ایک ٹوئیٹ کے ذریعے اس بات کا اعلان کیا کہ وہ پھر سے چلبل پانڈے بن کر رجو کے ساتھ رومانس کرنے آ رہے ہیں۔

سلمان خان نے ٹوئیٹ میں دبنگ کے مرکزی کردار ‘رجو’ یعنی سوناکشی سنہا کے ساتھ چلبل پانڈے یعنی اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ‘دبنگ کو ریلیز ہوئے8 سال مکمل ہوگئے’۔

اداکارہ نے چلبل پانڈے اور رجو کو پیار دینے پر مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا، ساتھ ہی انہوں نے سیریز کی تیسری فلم سے متعلق بھی اعلان کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: دبنگ تھری: چلبل پانڈے کی ’رجو‘ سوناکشی یا مونی راؤ؟

سلمان خان نے بتایا کہ ‘دبنگ تھری’ اگلے سال ریلیز کی جائے گی۔

علاوہ ازیں سوناکشی سنہا نے بھی دبنگ کو 8 سال مکمل ہونے پر انسٹاگرام پر ایک تصویر شیئر کی۔

اگرچہ سلمان خان نے فلم کو ریلیز کرنے کی تاریخ اور مہینے کا اعلان نہیں کیا، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ اسے آئندہ برس کے اختتام سے قبل ریلیز کردیا جائے گا۔

فلم کی دیگر کاسٹ میں اور کون شامل ہوگا، اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ ‘دبنگ تھری’ میں مونی راؤ یا سنی لیونی جیسی اداکاراؤں کو بھی مختصر کردار کے لیے کاسٹ کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: دبنگ 3 کے چلبل پانڈے نے نیا ولن ڈھونڈ لیا؟

اگرچہ اربازن خان یہ اعلان کرچکے ہیں کہ وہی تیسری فلم کو بنائیں گے، تاہم اطلاعات ہیں کہ تیسری فلم کو پربھو دیوا ڈائریکٹ کریں گے اور ارباز خان پروڈیوسر کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

پہلی دونوں فلموں کو بھی ارباز خان نے ہی پروڈیوس کیا تھا، جب کہ دونوں کی ہدایات ابھیناو کشیپ نے دی تھیں۔

خیال رہے کہ سیریز کی پہلی فلم ‘دبنگ’ 10 ستمبر 2010 اور دوسری فلم 2012 کو ریلیز کی گئی تھی۔

سوناکشی سنہا نے فلمی کیریئر کا آغاز بھی ‘دبنگ’ کے ذریعے ہی کیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں