دبنگ 3 کے چلبل پانڈے نے نیا ولن ڈھونڈ لیا؟

اپ ڈیٹ 24 جون 2018
ثاقب سلیم ریس تھری میں بھی سلمان خان کے ساتھ کام کر چکے ہیں—اسکرین شاٹ
ثاقب سلیم ریس تھری میں بھی سلمان خان کے ساتھ کام کر چکے ہیں—اسکرین شاٹ

بولی وڈ کے دبنگ ہیرو سلمان خان جن کی رواں ماہ 15 جون کو ریلیز ہونے والی فلم ’ریس تھری‘ نے ابتدائی ہفتے میں 100 کروڑ روپے کماکر نیا اعزاز حاصل کیا تھا۔

ان کے حوالے سے تازہ خبر یہ ہے کہ انہوں نے اپنی آنے والی تیسری ایکشن فلم ’دبنگ 3‘ کے لیے نیا ولن ڈھونڈ لیا۔

اگرچہ سلمان خان کی اس فلم کی شوٹنگ تاخیر کا شکار ہے اور کافی عرصے سے شائقین اس سیریز کی تیسری فلم کا انتظار کر رہے ہیں، تاہم اب اس فلم کے حوالے سے تازہ پیش رفت ہوئی ہے۔

اطلاعات ہیں کہ سلمان خان کی اس رومانٹک کامیڈی ایکشن فلم سیریز کی تیسری فلم میں ثاقب سلیم ولن کے روپ میں نظر آئیں گے۔

فلم فیئر کی رپورٹ کے مطابق ’دبنگ تھری‘ میں انسپکٹر چلبل پانڈے یعنی سلمان خان ایک بار پھر ایک نئے ولن سے الجھتے نظر آئیں گے۔

اطلاعات ہیں کہ فلم میں سوناکشی کے علاوہ سنی لیونی اور مونی راؤ بھی نظر آئیں گی—فائل فوٹو: فیس بک
اطلاعات ہیں کہ فلم میں سوناکشی کے علاوہ سنی لیونی اور مونی راؤ بھی نظر آئیں گی—فائل فوٹو: فیس بک

سلمان خان اس سے قبل بھی دبنگ کی دونوں فلموں میں الگ الگ ولن سے الجھتے نظر آئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: دبنگ تھری: چلبل پانڈے کی ’رجو‘ سوناکشی یا مونی راؤ؟

دبنگ کی پہلی فلم جسے 8 سال قبل 2010 میں ریلیز کیا گیا تھا، اس میں سونو سود ولن کے روپ میں نظر آئے تھے۔

اسی سیریز کی دوسری فلم جسے 2013 میں ریلیز کیا گیا تھا، اس میں بھی ایک نیا ولن یعنی پرکاش راج انسپکٹر چلبل پانڈے سے الجھتا نظر آیا تھا۔

اب اس سیریز کی تیسری فلم میں بھی سلمان خان ایک نئے ولن سے الجھتے نظر آئیں گے۔

اگرچہ فلم کی ٹیم یعنی پروڈیوسر ارباز خان اور خود سلمان خان نے ابھی تک ثاقب سلیم کو ولن کے کردار کے لیے کاسٹ کرنے کی تصدیق نہیں کی، تاہم امکان ہے کہ جلد ہی اس حوالے سے باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔

اگر ثاقب سلیم ’دبنگ تھری‘ کے ولن بنتے ہیں تو یہ سلمان خان کے ساتھ ان کی دوسری فلم ہوگی، اس سے قبل وہ ان کے ساتھ ’ریس تھری‘ میں نظر آ چکے ہیں۔

دوسری جانب ابھی فلم کی ٹیم نے ’دبنگ 3‘ کی مکمل اور حتمی کاسٹ سمیت اسے ریلیز کرنے کی تاریخ کا اعلان بھی نہیں کیا۔

مزید پڑھیں: ’دبنگ تھری‘ تاخیر کا شکار

خیال کیا جا رہا ہے کہ تیسری فلم میں بھی چلبل پانڈے کی رجو کا کردار سوناکشی سنہا ہی نبھائیں گی، جو اس سے پہلے والی دونوں فلموں میں بھی ’رجو‘ بنی تھیں۔

دبنگ سیریز کی تیسری فلم میں مونی راؤ اور سنی لیونی جیسی اداکاراؤں کے جلوہ گر ہونے کا امکان بھی ہے۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ ’دبنگ 3‘ کی شوٹنگ رواں برس ستمبر میں شروع کی جائے گی اور اسے آئندہ برس کی پہلی سہ ماہی میں ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔

مرکزی ہیروئن کا کردار سوناکشی ہی ادا کریں گی—اسکرین شاٹ
مرکزی ہیروئن کا کردار سوناکشی ہی ادا کریں گی—اسکرین شاٹ

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں