’پاپا کہتے ہیں‘

14 ستمبر 2018
فوٹو/ اسکرین شاٹ
فوٹو/ اسکرین شاٹ

بولی وڈ اداکار شاہ رخ خان اپنی ہر فلم میں نئے انداز اور اداکاری سے لوگوں کی داد سمیٹنے کے ماہر ہیں، لیکن ان کا یہ نیا اشتہار آپ کو یقیناً حیران کردے گا۔

اس اشتہار میں شاہ رخ خان نے 3 ایسے منفرد افراد کا کردار ادا کیا، جو اپنے بچوں کی پڑھائی کے حوالے سے بات کرتے نظر آئے۔

تاہم جو بات توجہ کا مرکز بنی وہ اس اشتہار میں شاہ رخ کا منفرد انداز تھا۔

52 سالہ شاہ رخ خان نے 30 سیکنڈ دورانیے کے اشتہار میں جنوبی بھارتی، گجراتی اور بنگال سے تعلق رکھنے والے افراد کا روپ اپنایا۔

سب سے خاص بات یہ تھی کہ ان کا ہر لک نہایت اصل نظر آرہا تھا۔

مزید پڑھیں: ’فلم زیرو کے ساتھ تیزی سے بچہ بن رہا ہوں‘

یہ اشتہار ایک بھارتی آن لائن لرننگ ایپلیکیشن کی تشہیر کے لیے تیار کیا گیا ہے، یہ ایپ خصوصاً بچوں کے لیے بنائی گئی ہے۔

شاہ رخ خان نے خود بھی اپنے ٹوئٹر پر اس اشتہار کو شیئر کرنے کے ساتھ لکھا ’پاپا کہتے ہیں‘۔

اس اشتہار میں شاہ رخ خان والدین کو مشورہ دیتے نظر آئے کہ ’ان کی پڑھائی کو لے کر ہم انہیں کتنا کچھ سناتے رہتے ہیں، اب تھوڑی ان کی بھی سن لیتے ہیں‘۔

یاد رہے کہ شاہ رخ خان خود بھی تین بچوں کے والد ہیں، ان کی شادی 1991 میں گوری خان سے ہوئی تھی۔

ان کا بڑا بیٹا آریان 20 سال کا ہے، بیٹی سہانا 18 سال جبکہ چھوٹا بیٹا ابرام 5 سال کا ہے۔

شاہ رخ خان اس وقت اپنی فلم ’زیرو‘ کی شوٹنگ مکمل کررہے ہیں۔

اس فلم میں ان کے ہمراہ انوشکا شرما اور کترینہ کیف کام کرتی نظر آئیں گی۔

آنند ایل رائے کی ہدایات میں بننے والی اس فلم کی ریلیز رواں سال دسمبر میں متوقع ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں